اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خارجہ اور پیپلزپارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ میں، میرے والد یا بھائی کسی نادہندہ کمپنی کا حصہ نہیں اور نہ ہی ہم پر دو کروڑ روپے کا کوئی قرضہ ہے، دوسروں پر الزامات لگانا آسان ہیں لیکن اداروں کی خامیاں کوئی نہیں دیکھتا۔حنا ربانی کھر نے ہم نیوز کے پروگرام ہم ایکسٹرا میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کی ایک کمپنی میں میرے 20 فیصد شیئرز ہیں جس کی وجہ سے یہ مسئلہ بنا ہے، ہم نے پوری زندگی عزت کے لیے سیاست کی ہے اور میں نے اپنے والد کی شہرت پر ہی سیاست کی جنہوں نے 40 سال عوام کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی اپنی ذات کے لیے کوئی فائدہ نہیں اُٹھایا اور نہ ہی کسی کے نام پر کوئی قرض لیا، ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حنا ربانی کھر نے کہا کہ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو کسی کی خواہش پر نہیں آئی، ملک میں جو سیاست میں آتا ہے وہ الزامات کے لیے تیار ہوتا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تین جگہ درخواستیں دی ہیں لیکن ہر ریٹرننگ افسر مختلف کاغذات کا مطالبہ کر رہا ہے، ریٹرننگ افسران سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔
فیس بک کمینٹ