اسلام آباد / ملتان : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے متنازع انتخابی حلقوں میں سب سے زیادہ زیر بحث حلقے این اے 154 ملتان 1 کا ٹکٹ سابق وفاقی وزیر سکندر بوسن کی بجائے ملک احمد حسین ڈیہڑ کو جاری کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب ان کے ساتھ پی پی 211 اور 212 کے لئے بالترتیب خالد جاوید وڑائچ اور ملک سلیم لابر کو بھی ٹکٹ دے دیا گیا ہے ۔ ان ٹکٹوں کے اجراء کے باوجود ملتان میں پی ٹی آئی کا داخلی انتشار ختم نہیں ہو سکا اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے آج شاہ محمود قریشی کے گھر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کی اعلی قیادت کی جانب سے مبینہ طورپر ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف پارٹی کے ضلعی صدر اعجاز جنجوعہ نے احتجاج کا علم بلند کردیا۔آج یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی کادیرینہ کارکن اور عہدیدار ہونے کے ناطے پارٹی ٹکٹ پی پی 216پر میرا حق ہے جسے نظرانداز کرکے ندیم قریشی کوفوقیت دی گئی۔انہوں نے کہاکہ میں نے اس سلسلے میں ایک انتظامی کمیٹی بنائی ہے کیونکہ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی صبح شام ہمیں چکر دے رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شاہ محمود قریشی کارکنوں کونظرانداز کرکے صرف اپنا گروپ بنانا چاہ رہے ہیں اور یوں پوری پارٹی کوبائی پاس کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ وہ اس حوالے سے بہت جلد لائحہ عمل کااعلان کریں گے۔
فیس بک کمینٹ