ملتان:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماءکیپٹن ناصر مہے آج پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کریں گے۔کیپٹن ناصر مہے گزشتہ کئی روز سے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی کے خلاف تندوتیز بیانات دے رہے تھے اور وہ الزام عائد کررہے تھے کہ شاہ محمودقریشی نے من پسند لوگوں کو ٹکٹ دیئے اوروہ پاکستان تحریک انصاف کو کمزور کررہے ہیں۔انہوںنے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر اعجاز حسین جنجوعہ کے ہمراہ گزشتہ ہفتے شاہ محمودقریشی کے گھر کے باہر دھرنا بھی دیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیاتھا کہ پی پی 211سے شاہ محمودقریشی نے خالد جاویدوڑائچ کو ٹکٹ جاری کیا جو اس حلقے کے رہائشی ہی نہیں اور نہ ہی ان کااس حلقے کی عوام سے کوئی رابطہ ہے۔بعدازاں انہوں نے اس حلقے میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کا بائیکاٹ بھی کیا ۔کیپٹن ناصر مہے ماضی میں یوسف رضاگیلانی کے قریبی ساتھیوں میں شمارہوتے تھے ۔یوسف رضا گیلانی کے دوروزارت میں انہیں ملتان میں ایک اہم عہدہ بھی دیاگیاتھا۔اس بات کاامکا ن ہے کہ وہ آج یوسف رضاگیلانی اور پیپلزپارٹی کے امیدوار این اے 154عبدالقادرگیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کرپاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کاباضابطہ اعلان کریں گے۔
فیس بک کمینٹ