راولپنڈی : فوج کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کرانے کا کام الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہے تاہم فوج اس میں صرف اور صرف معاونت فراہم کرے گی۔پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے منگل کو راولپنڈی میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران افواج پاکستان کا کام صرف اور صرف الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا ہے۔ انھوں نہ کہا کہ فوج کے لیے جو حکم جاری ہوتا ہے وہ سب کے لیے ہوتا ہے اور جو حکم جاری ہوا ہے اس کا مطلب یہی ہے کہ ہم نے غیر جانبدار اور غیر سیاسی ہو کر انتخابات کے دن الیکشن کمیشن کی مدد کرنی ہے۔انھوں نے کہا کہ انتخابات میں پولنگ سے تین دن پہلے سکیورٹی کے تمام امور مکمل ہو جائیں گے اور ہر پولنگ سٹیشن پر فوج، رینجرز اور پولیس کے اہلکار موجود ہوں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے فوج کی تعیناتی پہلی بار نہیں ہے۔ افواج پاکستان الیکشن کمیشن کے حکم پر پہلے بھی یہ کام انجام دیتی رہی ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا عوام کے ووٹوں سے جو بھی وزیر اعظم آئے گا وہ قبول ہو گا اور عوام جسے چاہیں اسے منتخب کریں۔ افواج پاکستان کی کوئی سیاسی جماعت یا سیاسی وابستگی نہیں ہے۔اس موقع پر مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا انھوں نے کہا کہ انتخابی نشان الاٹ کرنا افواج پاکستان کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔چوہدری نثار اور دیگر رہنماؤں کو جیپ کا نشان الاٹ کرنے پر انھوں نے کہا کہ یہ جیپ ہماری نہیں ہے میڈیا ہر چیز کو شک کی نظر سے نہ دیکھے۔ایک اور سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عوام جسے ووٹ دیتی ہے اسے اس کے مطابق گنا جائے، ہمارا کام صرف معاونت فراہم ہو گا اور ہم سے زیادہ میڈیا صاف شفاف انتخابات کو فروغ دے سکتا ہے۔
فیس بک کمینٹ