اسلام آباد :دفترخارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی سیکریٹری خارجہ کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے بعد امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کو ‘حقائق کے منافی’ قرار دے دیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے ٹویٹر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ ‘گفتگو میں پاکستان کے اندر دہشت گردوں کی فعالیت کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، اس کی فوری درستی ہونی چاہیے’۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان ہیتھر نویرٹ نے کہا تھا کہ ‘سیکریٹری پومپیو نے پاکستان میں فعال تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کے فیصلہ کن اقدامات کی اہمیت کو اٹھایا اور یہ افغان امن کی کوششوں کے لیے اہم کردار ہے’۔قبل ازیں امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان کو فون کرکے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ نے وزیراعظم کو گفتگو کے دوران پاک-امریکا تعلقات کی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیا اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کے لیے پاکستان کی اہمیت کا بھی ذکر کیا۔پومپیو نے وزیراعظم کو کامیاب انتخابی مہم اور حکومت بنانے پر مبارک باد دی اور پاکستانی عوام کی بہتری کے لیے کیے گئے ان کے وعدوں کی تکمیل کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کا قیام ضروری ہے۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے تناظر میں امن کو دونوں ممالک کے لیے اولین ترجیح پر اتفاق کیا۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی حاصل ہونے کے بعد مختلف ممالک کی جانب سےمبارک باد موصول ہوئی تھیں جبکہ وزیراعظم بننے کے بعد مختلف ممالک کے سربراہان نے نئی حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔خیال رہے کہ مائیک پومپیو متوقع طور پر اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم سے ملاقات کریں جہاں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔
فیس بک کمینٹ