اسلام آباد ( محمد عامر سے ) حکومت تبدیل ہونے کے باوجود پی ٹی وی میں خواتین پر نوازشات کا سلسلہ جاری ہے ۔ سیکرٹری اطلاعات اور موجودہ ایم ڈی پی ٹی وی کی منظوری سے موجودہ حکومت کے اقتدارمیں آنے سے صرف بارہ دن پہلے آفس آرڈر نمبر Ref.N0.HP/prof/295/8211 بتاریخ چھ اگست 2018 ء کے ذریعے لاہور کی ایک اینکر کومل سلیم کی تنخواہ ستر ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔اس خاتون اینکر کوکچھ عرصہ قبل لاہور کے سینئر نیوز ایڈیٹر فیاض وڑائچ (جو گجرات کے چوہدریوں کے قریبی بتائے جاتے ہیں )کی کوششوں سے ریسورس پرسن کے چور دروازے سے تقریباتیس ہزارروپے تنخواہ پر بھرتی کیا گیاتھا ۔ اس سے پہلے بھی ایک خاتون سدرہ کو(جو بعد میں لاہور کے ایک صحافی عاصم کی اہلیہ بنیں ) فیاض وڑائچ نے اسی طرح نیوز کاسٹر بھرتی کیا لیکن بعد میں برطرف ہونے والے اطہر فاروق بٹر کے ساتھ ملی بھگت کر کے پیپلزپارٹی کے دور میں اسے مستقل پروڈیوسر /رپورٹر بنوادیا ، حالانکہ پی ٹی وی میں نیوز کاسٹر کی مستقل اسامی موجود ہی نہیں۔سدرہ مستقل ملازم کے طور پر تنخواہ پانے کے علاوہ پی ٹی وی نیوز پر ایک پروگرام کرنے کا معاوضہ الگ سے پاتی ہیں ۔ پی ٹی وی کی تاریخ میں اس طرح کی اور بھی مثالیں موجود ہیں ۔ سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی دوسری اہلیہ ڈاکٹر شفق حرا بھی چند سال پہلے تقریبا تیس ہزار روپے پر عارضی ملازم کے طورپر پی ٹی وی سے وابستہ ہوئیں اور بعد میں دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتے ہوئے اب یہاں تک پہنچیں کہ لاکھوں روپے تنخواہ پاتی ہیں۔ ایک اور خاتون پشتون اینکرثمینہ وقار کی تنخواہ بھی سابق وزیراطلاعات پرویز رشید کی ہدایت پر راتوں رات دوگنا کر دی گئی تھی ۔ان حالات میں پی ٹی وی ملتان سنٹر کی کارکردگی بھی منفرد ہے ۔ لاہور سے آنے والے جنرل مینجر سیف الدین نے ایک نوجوان خاتون سمیر ا کو جو پی ٹی وی کی ملازم نہیں بلکہ ایک سیکورٹی کمپنی کی ملازم ہے اور اس کمپنی نے اسے پی ٹی وی سنٹر ملتان پر بطور” لیڈی سرچر“بھجوایا ہوا ہے استقبالیہ سے اٹھا کر پی ٹی وی کے ایڈمن ڈیپارٹمنٹ میں ائیر کنڈیشن کمرے میں گھومنے والی کرسی عنایت کر دی ہے ۔ اسی پر بس نہیں بلکہ ان خاتون کو جو پی ٹی وی کی ملازم ہی نہیں ہیں دفتر کے انتہائی حساس انتظامی معاملات چلانے کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ۔پی ٹی وی کے ملازمین نےوفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ صورت حال کا نوٹس لیں ۔
فیس بک کمینٹ