اسلام آباد : پاکستان میں صدر کے انتخابات کے لیے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے 13 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔عہدہ صدارت کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹرعارف علوی، مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن کے درمیان مقابلہ تھا۔صدر کے انتخاب کے لیے چاروں صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین نے ووٹ ڈالے۔غیر سرکاری اور غیر حتمیٰ نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کو مجموعی طور پر 352 ووٹ ملے جبکہ مولانا فضل الرحمان کو 185 اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن کو 123 ووٹ ملے۔اس موقعے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نو منتخب صدر عارف علوی نے کہا کہ وہ کسی ایک جماعت کے نہیں بلکہ پوری قوم کے صدر بنیں گے۔پنجاب کے 65 ووٹوں میں ڈاکٹر عارف علوی کو 32.5، سندھ سے 21.6 بلوچستان سے 45 اور خیبر پختوانخو سے تقریباً 41 ووٹ ملے ہیں۔قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں جب پولنگ ہوئی تو ہائی کورٹس کے ججوں نے پریزائڈنگ افسران کی خدمات سر انجام دیں۔حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تھا جبکہ متحدہ حزب اختلاف تمام تر کوششوں کے بعد بھی مشترکہ امیدوار لانے میں ناکام رہی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن اور مسلم لیگ ن سمیت دیگر حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن صدارتی امیدوار تھے۔
فیس بک کمینٹ