ملتان ۔ سید قسور گردیزی کا شمار ان سیاست دانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے خلق خدا کو حقوق دلوانے کے لئے سیاست کے خار زار میں قدم رکھا ۔ انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں لیکن اپنے اصولوں کو کبھی قربان نہ ہونے دیا ۔ ان خیالات کا اظہارسخن ور فورم کے زیر اہتمام ملتان آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک میں مختلف دانش وروں نے ان کی پچیسویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر صلاح ا لدین حیدر نے کی مہمان خصوصی ڈاکٹر انوار احمد تھے ۔ڈاکٹر صلاح ا لدین حیدر نے کہا کہ ایام اسیری میں مجھے ان کے ساتھ ایک ہی بیرک میں رہنے کا اعزاز حاصل ہوا ، ڈاکٹر انوار احمد نے کہا ایسی ہستیاں ہمارے شہر کا حسن تھیں ۔ پروفیسر انور جمال نے کہا ان کی لائبریری اس خطے کا اثاثہ ہے ۔ خواجہ شفیق نے کہا ان کی موجودگی میں ہمیں بھی آمر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کا حوصلہ ہوتا تھا ۔ حبیب اللہ شاکر نے کہا وہ ہاریوں کے حقوق کے لئے سرگرم رہے ۔ خالد سعید نے کہا آج ہم ایک بہت کٹھن دور میں سانس لے رہے ہیں ۔ حیدر عباس گردیزی اور زاہد حسین گردیزی نے کہاہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ۔ اس موقع پر شاکر حسین شاکر ، حبیب الرحمان بٹالوی ، نوازش علی ندیم اور رضی الدین رضی نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں سید قسور گردیزی اور نام ور شاعر اقبال ارشد کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی ۔
فیس بک کمینٹ