میانوالی : خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے باعث 20 مسافر زخمی ہوگئے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے براستہ میانوالی، اٹک پشاور جا رہی تھی کہ مسان اور سوہان اسٹیشن کے درمیان صبح 6 بجے اس کی 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 20 مسافر زخمی ہوئے جن میں سے 4 کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حادثے کا شکار خوشحال خان خٹک کی بوگیوں اور مسافروں کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، کندیاں سے امدادی ریلیف ٹرین اور ریسکیو ٹرک سائٹ پر پہنچ چکا ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق متعلقہ افسران جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کررہے ہیں جب کہ مسافروں کو پشاور پہنچانے کے لیے اٹک سے خصوصی ریل چلائی جائے گی۔ٹرین حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کو بند کردیا گیا جس کے بعد کندیاں پنڈی سیکشن پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔
( بشکریہ : جیو نیوز )
فیس بک کمینٹ