ملتان : معروف شاعر، ادیب اور براڈ کاسٹر اختر جعفری طویل علالت کے بعد جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سی ایم ایچ ملتان میں انتقال کرگئے۔ان کی عمر 85برس تھی۔ وہ ریڈیوپاکستان میں سنیئر پروڈیوسر ،خانہ فرہنگ ایران میں افسر تعلقات عامہ اور پاک فوج میں کیپٹن کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
اختر جعفری نے 1971ءکی پاک بھارت جنگ میں بھی حصہ لیا اور سقوط ڈھاکہ کے بعد انہیں جنگی قیدی بنالیاگیاتھا۔اختر جعفری کے والد فقیر نور جعفری بھی بلند پایہ شاعر تھے۔اختر جعفری 1934ءمیں دائرہ دین پناہ (±مظفرگڑھ)میں پیدا ہوئے۔ان کا اصل نام فقیر اختر جعفری تھا۔ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی۔اور پھر فوج میں کمیشن حاصل کرلیا۔1984ءمیں پاک فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعدوہ ریڈیوپاکستان ملتان سے منسلک ہوگئے۔ ریڈیوپاکستان ملتان میں انہوں نے پروڈیوسر اور صداکار کی حیثیت سے یادگار پروگرام کیے۔ وہ ایک طویل عرصے تک فوجی بھائیوں کے پروگرام کی میزبانی کرتے رہے۔اختر جعفری نے کئی ڈرامے، دستاویزی پروگرام، فیچر اور نغمے تحریرکیے۔ان کے بہت سے گیتوں اور ملی نغموں کو عوامی پذیرائی ملی۔ان کی نماز جنازہ آج جمعہ کے روز دوبجے دوپہر مدرسہ صاحب الزماں نیوگلگشت ملتان میں ادا کی جائے گی۔
فیس بک کمینٹ