اختصارئےلکھاری

طلبہ یونیوں کی بحالی کے لئے طلبہ کنونشن اور احتجاجی ریلی

 بہاولنگر کی تحصیل ڈونگہ بونگہ میں این ایس ایف پاکستان کا ضلعی کنونشن منعقد ہوا جِس میں طلبہ کی کثیر تعداد کے علاوہ مزدوروں اور کِسانوں نے بھی شرکت کی۔این ایس ایف ۔ پاکستان کے مرکزی صدر ساحر آزاد پلیجو، مرکزی نائب صدر شہاب خان صافی، این ایس ایف پنجاب کمیٹی کے رہنما پرویز گِل سلطانی، این ایس ایف پاکستان کے سابق صدر صابر علی حیدراور پی ڈی ایف کسان اکٹھ کے رہنماوں خالد جاوید گجر اور فہیم عامِر نے بھی کنونشن میں خصوصی شرکت کی۔کنونشن سے خِطاب کے دوران این ایس ایف پاکستان، ضلع بہاولنگر کے صدر رائے عرفان بھٹی نے کہا کہ این ایس ایف پاکستان اِس وقت طلبہ کی واحِد طلبہ تنظیم ہے جو طلبہ کے جمہوری حق کے لیئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس سے پہلے ہم نے قصور میں کامیاب ضلعی کنونشن منعقد کر کے پنجاب کے آقاؤ ں پر واضح کر دیا تھا کہ ان کے تمام مظالم، تشدد اور جھوٹے پرچوں کے باوجود اگر فوری طور پر بھی طلبہ یونین کا انعقاد کروا دیا جائے تو پنجاب کے بیشتر تعلیمی اداروں میں این ایس ایف ہی کامیاب ہو گی۔ انہوں نے این ایس پاکستان، سندھ کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ جِس طرح ساتھیوں نے حیدرآباد اور کراچی میں بھوک ہڑتال کی اور سندھ میں ریلیاں نکالیں، یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ طلبہ کی قوت کِسی بھی طرح کم نہیں پڑی۔ انہوں نے JKNSF کے ساتھیوں کو بھی سلام پیش کیا جوہر طرح کے نامساعد حالات کے باوجود طلبہ یونین بحالی کی تحریک کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آئے دن نکلنے والی JKNSF کی ریلیاں اِس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیر سے مہران تک اور خیبر سے مکران تک تمام طلبہ این ایس ایف پاکستان کی طلبہ یونین بحالی کی تحریک کے ساتھ متحد ہیں۔
تحصیل بہاولنگر کی رہنما کامریڈ اقرا نے کہا کہ محض تعلیم ہی کیا حکومت نے تو ہمارے زندہ رہنے کا حق تک سامراج کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے۔

آج ہر چیز پرائیویٹازیشن کی نذر ہو گئی ہے۔ ہم ہر چیز اہنی جیب سے خریدتے ہیں اور پھِر بھی ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایس ایف پاکستان عوام سے لیئے گئے ایک ایک پیسے کا حساب لے گی۔
این ایس ایف پاکستان کے مرکزی نائب صدر شہاب خان صافی نے کہا کہ طلبہ جانتے ہیں کہ جب اسلامی جمیعت طلبہ کے مسلح غنڈے ہمارے پختون اور بلوچی بھایئوں پر تشدد کرتے ہیں تو کون ان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر پنجاب یونیورسٹی میں پختون اور بلوچ کونسل صرف این ایس ایف پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں تو اِس کی وجہ صرف یہی ہے کہ این ایس ایف نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا ہے اور ہمیشہ دیتی رہے گی۔
مرکزی صدر ساحر آزاد پلیجو نے کہا کہ حکومت طلبہ یونین کے انتخابات کروانے سے کیوں خائف ہے جبکہ یوسف رضا گیلانی کے ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق تو طلبہ یونین پر پابندی 2008 کی ختم ہو چکی ہے؟ انہوں نے کہا کہ دراصل حکومت نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کے ہاتھوں کب کی بک چکی ہے۔ وہ جانتی ہے انہوں نے صرف اپنی جیبیں بھرنے کے لیئے ملک بھر کو نجکاری کے حوالے کر دیا ہے۔ لہٰذہ اگر طلبہ یونین کے انتخابات کروانے پڑ گئے تو وہ جانتے ہیں کہ این ایس ایف پاکستان ملک بھر میں انتخابات جیت کر نجی تعلیمی اداروں کا تعلیم کو مہنگے داموں فروخت کرنے کا دھندہ بند کر دے گی۔ این ایس ایف پاکستان ہر روز بڑھتی ہوئی فیسوں میں اضافہ واپس لینے پر حکومت کو مجبور کر دے گی۔

مفت تعلیم کے حصول کے لیئے کامیاب تحریکیں چلائے گی، جِس سے تعلیم عام آدمی کی پہنچ میں آ جائے گی۔ اِسی لیئے حکومت طلبہ یونین کے انتخابات نہیں کروا رہی۔ مگر این ایس ایف پاکستان کے انقلابی نوجوان اپنا آئینی اور جمہوری حق لے کر رہیں گے۔کنونشن کے آخر میں ضلع بہاولنگر کی تمام تحصیلوں کے آرگنائزرز کا اعلان کیا گیا۔
کنوشن کے بعد طلبہ نے ڈونگہ بونگہ مرکزی چوک تک ریلی نکالی اور حکومت کے خِلاف شدید نعرے بازی کی۔

فیس بک کمینٹ

متعلقہ تحریریں

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker