لاہور: پاکستان کے معروف فوک گلوکار شوکت علی طویل علالت کے بعد جمعہ کے روز انتقال کر گئے۔گلوکار شوکت علی سی ایم ایچ میں زیر علاج تھے اور ان کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کی۔
گلوکار شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کے بیٹے عمران شوکت نے مداحوں سے اپنے والد کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔ شوکت علی پنجاب کے ضلع گجرات کے فنکار گھرانے میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز فلمی گانوں سے 1960 کی دہائی میں کیا تھا اور شوکت علی کا غزل، گیت، قومی ترانے اور پنجابی لوک گیتوں میں منفرد مقام تھا۔ گلوکار شوکت علی کاگایا ہوا نغمہ ’جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘ بہت مشہور ہوا اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں شوکت علی کے ملی نغموں نے قوم کا خون گرمایا۔ گلوکار شوکت علی کو 1976 میں ’وائس آف پنجاب‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا اور پھر 1990 میں شوکت علی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ معروف گلوکار کو جولائی 2013 میں انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ پرائیڈ آف پنجاب’ ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ شوکت علی نے 1982 میں نئی دہلی میں ہونے والے ایشین گیمز میں براہ راست پرفارمنس بھی دی تھی۔