پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے روہڑی کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی نو بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد الٹ جانے سے ایک خاتون ہلاک، 15 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثہ روہڑی کے قریب منڈو دیرو اور سانگی ریلوے سٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔ ایس ایس پی ریلوے سکھر نے ایک خاتون مسافر کی ہلاکت اور 15 سے زائد مسافروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
آئی جی ریلویز عارف نواز نے نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز` سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس حادثے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد کھائی میں جا گری ہیں۔‘
آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ ’ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور حادثے کے تمام زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی ہپستال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
ٹرین حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم جائے حادثہ پر اندھیرا ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حادثے کے فوراً بعد اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بلاک ہو گئے اور کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی جانے والی دیگر ٹرینوں کو مختلف ریلوے سٹیشنوں پر روک لیا گیا۔
امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر روہڑی اور سکھر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جبکہ حادثے کے بعد ریلوے حکام نے ٹرین کے مسافروں کو روہڑی ریلوے سٹیشن پہنچا دیا گیا۔
ریلوے حکام نے روہڑی سے ریلیف ٹرین طلب کر کے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ کرین کے ذریعے بوگیوں کو پٹری پر لایا جا رہا ہے اور ٹریک کو بحال کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
(بشکریہ:بی بی سی اردو)
فیس بک کمینٹ