لاہور: پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کی ناکام بغاوت کا ماسٹر مائنڈ ڈھٹائی اور بے شرمی سے مشروط معافی مانگ رہا ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ ایک سال باقاعدہ لوگوں کی ذہن سازی کی اور اشتعال دلایا گیا۔ جس دن عمران خان گرفتار ہوئے ان کے سرکردہ کارندوں نے لوگوں سے کہا کہ آپ کے لیڈر کو مارا جا رہا ہے ان کی جان کو خطرہ ہے باہرنکلو۔ عمران خان نے خود کہا مجھے دوبارہ گرفتار کیا گیا تو میرے لوگوں کا یہی ردعمل ہوگا۔ پوری دنیا کے میڈیا نے رپورٹ کیا پی ٹی آئی کے لوگوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ 9 مئی کی ناکامی بغاوت کا ماسٹر مائنڈ کمال ڈھٹائی اور بے شرمی سے مشروط معافی مانگ رہا ہے۔ کچھ روز قبل بھی عمران خان نے جی ایچ کیو پرحملے کا اعتراف کیا تھا۔ایک طرف عمران خان بانی پاکستان کا گھر جلاتے ہیں اور دوسری طرف بے شرمی سے مشروط معافی بھی مانگتے ہیں۔ کورکمانڈر ہاؤس پر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور محمود الرشید کی قیادت میں پی ٹی آئی نے حملہ کیا۔
(بشکریہ:ایکسپریس نیوز)
فیس بک کمینٹ