عامر لیاقت حسین کی اصول پسندی اور بلند آشیانی میں کیا کلام ہے۔ عام مشاہدہ ہے کہ اصول پسند طبیعتیں زیادہ کامیاب نہیں ہوتیں۔ زمانہ کی جوہر ناشناسی کی شکایت کرتی سنائی دیتی ہیں۔ دنیا کی نااہلی پر احتجاج کرتی رہتی ہیں۔ دوسروں کی بددیانتی کا رونا روتی رہتی ہیں لیکن ایسی گریہ پسند صورتوں پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔ ایسے لوگ اقامہ کی فوٹو کاپی پکڑے پکڑے ایک روز وہاں چلے جاتے ہیں جہاں سے کسی موعودہ کامیابی یا ناکامی کی خبر نہیں آتی۔ دوسری طرف بلند آشیانی کے مراتب زیادہ تر ان کے حصے میں آتے ہیں جو اپنی پیش قدمی میں اصول روندتے نکل جاتے ہیں، نظریہ ضرورت کو چابک دستی سے بروئے کار لاتے ہیں۔ ملامت فرومایہ کی پروا نہیں کرتے، شماتت ہمسایہ کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔عامر لیاقت حسین کے ضمن میں قضا و قدر کے کارکنوں نے خصوصی استثنیٰ سے کام لیا ہے۔ عامر لیاقت حسین ایم کیو ایم کے رہنما ہوں تو گنگا جمنی اردو تہذیب کے نمائندہ، پرویز مشرف کی آمریت میں وزیر بنیں تو امور خسرواں کے شناور۔ عامر لیاقت حسین صحافی ہوں تو پاتال کی خبر لائیں، نشریات میں قدم دھریں تو تاروں کے قافلے کو ان کی صدا درا ہو۔ عامر لیاقت حسین مذہبی امور کی خبر لیں تو مدارس میں بچوں سے جنسی زیادتی کے اعداد و شمار ان کے نوک زبان رہیں، ان کی حسن آشنا طبع فروٹ ہو تو ایک ہی نگہ (کہ بظاہر نگاہ سے کم ہے) میں چاوڑی بازار کی نتھ اتار کے رکھ دیں۔ خطابت عامر لیاقت کے گھر کی لونڈی ہے اور وہ اس سے کماحقہ تمتع کرتے ہیں۔ ابھی رزمیہ للکار اٹھائی تو خارا شگاف لہجہ پہاڑوں کا کلیجہ چیر گیا۔ دوسرے ہی لمحے کلام کی آہٹ کو سرگوشی اور سسکی کے بیچ کہیں اس طور ایسا ترازو کر دیا کہ پھلبن کی پتیوں پر عرق نہانی کی شبنم لرزنے لگی۔اب کسے یاد ہو گا کہ عامر لیاقت حسین ایک زمانے میں شاعری کی اقلیم فتح کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ 1988 میں کلام ناقص کا ایک نسخہ بھی شرمندہ اشاعت ہوا۔ زیر نظر تحریر میں مکرمی عامر لیاقت حسین کی جو آتش جواں تصویر نظر آ رہی ہے، یہ اسی مجموعہ کلام کے پس ورق پر بہار دے رہی تھی۔ اگر حافظہ دھوکہ نہیں دیتا تو شعر کے اس سوغات پر فلیپ بھی عامر لیاقت ہی کی تراوش فکر کا نتیجہ تھا۔ لفظ بلفظ استحضار نہیں ہوتا، البتہ یاد ہے کہ اپنے آبا کی فضیلت بیان کی تھی اور فن شعر میں اپنے عروج کی پیش گوئی کی تھی۔ واقعہ یہ ہے کہ قدرت ہر لالے کی ایک منفرد رنگ میں حنا بندی کرتی ہے۔ یہ عبقری بحر و عروض کی تنگنائے میں غوطہ زن رہنے، قافیہ پیمائی کرنے اور مشاعروں میں گٹھل پنجابی شاعروں کو داد دینے کے لئے پیدا نہیں ہوا تھا، اسے تو سیاست کے گیسو سنوارنا تھے، ٹیلی ویژن کی مانگ بھرنا تھی۔ تو آئیے دیکھتے ہیں کہ گزشتہ ایک دہائی میں عامر لیاقت حسین نے کارزارے صحافت اور سیاست میں کیسی چومکھی لڑی ہے، کن بے آب و گیاہ وادیوں میں بیل بوٹے اگائے ہیں اور اس خوبی سے کہ سردامن بھی تر نہیں ہو پایا۔
٭٭٭ ٭٭٭
یکم جون 2007: نفاذ اسلام حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لال مسجد والوں سے طریقہ کار پر اختلاف ہو سکتا ہے نیت پر نہیں۔ وزیر مذہبی امورعامر لیاقت حسین
چار جولائی 2007: وزیر مملکت مذہبی امور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے استعفیٰ دے دیا
چار جولائی 2007: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے وزارت اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ اپنی ذاتی مصروفیات کی بنا پر دیا، متحدہ قومی موومنٹ
19 اپریل 2014: حامد میر کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ عوام کی دعائیں رنگ لائی ہیں۔ عامر لیاقت حسین
4 دسمبر 2014: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی جنید جمشید پر انتہائی بے ہودہ الفاظ میں سخت تنقید.
23 اکتوبر 2015: معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مسجد نبوی میں نواسہ رسول کی یاد میں نیاز تقسیم کی
2 نومبر 2015: عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین جیو انٹرٹینمنٹ کے صدر مقرر
23 نومبر 2015 – ڈاکٹر عامر لیاقت نے متعدد اداکاراوں سے فلرٹ کرنے کا اعتراف کر لیا۔ ان اداکاراوں میں اداکارہ نیلم منیر بھی شامل ہیں۔
23 نومبر 2015 – محمد علی جناح کو قائد اعظم کا خطاب میرے نانا کی جانب سے دیا گیا تھا: ڈاکٹر عامر لیاقت کا دعوی
جمعہ 4 دسمبر 2015: تحریک انصاف میں بھی شمولیت اختیار کرسکتا ہوں: عامر لیاقت علی
ہفتہ 5 دسمبر 2015: ہوسکتا ہے کل ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرلوں: ڈاکٹر عامر لیاقت
جمعہ 11 دسمبر 2015: کراچی آمد پر ریحام خان کو ڈاکٹر عامر لیاقت کی جانب سے بلٹ پروف کار دیے جانے کا انکشاف
منگل 15 دسمبر 2015: اگر پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو میں چلا جاوں گا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت
بدھ 16 دسمبر 2015: جیو نیوز کے اینکرز کا اے پی ایس طلبا کے یونیفارم پہن کر نیوز بلیٹن کیوں پیش کیا۔ عامر لیاقت حسین کا اظہار اختلاف، استعفی دے دیا۔
19 دسمبر 2015: کراچی : ڈاکٹر عامر لیاقت نے پی ٹی آئی کو سزا دینے کا اعلان کر دیا
23 دسمبر 2015: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو کراچی کا مئیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ عامر لیاقت حسین متحدہ کے قائد الطاف حسین کے دل میں گھر کر گئے ۔
30 دسمبر 2015: عمران خان نے فون کر کے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے گالیاں دینے پر معافی مانگی ہے۔ عامر لیاقت
3 جنوری 2016: فہد مصطفی میرے بھائی جیسے ہیں اور میں ان سے محبت کرتا ہوں۔ عامر لیاقت نے فہد مصطفی کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا
4 جنوری 2016: میری آئندہ فلم میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین مرکزی کردار نبھائیں گے۔ ہدایت کار سید نور
28 جنوری 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت نے والد کے انتقال پر جنید جمشید سے تعزیت کی، گزشتہ اختلافات پر معذرت کر لی
29 جنوری 2016: نجی ٹی وی کے پروگرام میں امتیاز گل نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو کھری کھری سُنا دیں
اسی بارے میں: ۔ دریائے ہنزہ میں خون بہتا ہے مگر ہم خاموش ہیں
10 فروری 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت کی جانب سے غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے پر پیمرا کی جانب سے نجی چینل جیو کہانی پر دو لاکھ روپے جرمانہ
27 فروری 2016: ایشیا کپ میں بھارت سے شکست۔ عامر لیاقت نے قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی پر طنز کے تیر برسا دیے
18 مارچ 2016: رمضان میں ڈرامے لگاتے ہیں‘۔لائیو شو میںحافظ حمداللہ اور ڈاکٹر عامر لیاقت کے مابین تلخ کلامی
21 مارچ 2016: اگر مجھے قتل کیا گیا تو ذمہ دار فوج اور حکومت ہو گی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین
14 جون 2016: رمضان المبارک کے دوران عامر لیاقت کی نازیبا حرکتوں پر پیمرا کا جیو ٹی وی کو نوٹس
15 جون 2016: افغانستان کی اینکر زارا بہار نے عامر لیاقت کو پاک آرمی کا شہید قرار دے دیا
22 جون 2016: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جے یو آئی کے سینیٹر حمداللہ کی جانب سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو دھمکیوں کی مذمت
27 جون 2016: پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ پر عامر لیاقت حسین کے پروگرام انعام گھر پر تین دن کے لئے پابندی لگا دی
28 جون 2016: سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت کے پروگرام انعام گھر پر تین دن کی پابندی ختم کر دی
4 جولائی 2016: عامر لیاقت حسین کا یو ٹرن ، پاک فوج کی تعریفوں کے پُل باندھ دئے
19 جولائی 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی بلٹ پروف گاڑی پولیس کی جانب سے تحویل میں لے لی گئی
27 جولائی 2016: معروف صحافی ہارون رشید اور عامر لیاقت کے درمیان لائیو شو میں جھڑپ
28 جولائی 2016: ایم کیو ایم کے رہنما عامر لیاقت اور معروف اینکر کاشف عباسی کے درمیان ٹی وی شو میں تلخ کلامی
یکم اگست 2016: مجھے جلد ہی قتل کر دیا جائے گا اور میرا جنازہ بہت بڑا ہو گا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین
یکم اگست 2016 : میںایم کیو ایم کا حصہ نہیں ہوں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین
2 اگست 2016: مہاجر ثقافتی میلے میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار اور عامر لیاقت موٹر سائیکل پر جامعہ کراچی پہنچے
22 اگست 2016: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت کو گرفتار کر لیا
22 اگست 2016: پاکستان زندہ باد تھا اور پاکستان زندہ باد ہی رہے گا: عامر لیاقت کا گرفتاری سے قبل آخری بیان
22 اگست 2016: نجی ٹی وی چینلز کے دفاتر پر حملے کی معافی مانگتا ہوں، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی: عامر لیاقت
23 اگست 2016: اگر مجھے تنگ کرنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان چھوڑ جاوں گا: ڈاکٹر عامر لیاقت
23 اگست 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت کا متحدہ قومی موومنٹ چھوڑنے کا اعلان، الطاف حسین کو سیاست چھوڑ کر کتاب لکھنے کا مشورہ
23 اگست 2016: پاکستان سے محبت کرتا ہوں اور مرتے دم تک کرتا رہوں گا- ڈی جی رینجرز سے ملاقات خوشگوار رہی، مجھے چائے پلائی گئی۔ بسکٹ کھلائے گئے اور محبت کا رویہ رکھا گیا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین
23 اگست 2016: ہم سب فاروق ستار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت
23 اگست 2016: رینجرز نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو رہا کر دیا
24 اگست 2016: کسی ڈرامے کا حصہ نہیں بنوں گا، ایم کیو ایم اور سیاست چھوڑنے کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا: عامر لیاقت
24 اگست 2016: عامر لیاقت کو معاملات کا علم نہیں تھا، ملاقات کر کے تمام ابہام دور کر دیے ہیں: فاروق ستار
24 اگست 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت کو پھر سے حراست میں لینے کی تیاریاں
24 اگست 2016: اب ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں۔ جو پاکستان کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے: عامر لیاقت
25 اگست 2016: مجھے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، قتل کے ذمہ دار الطاف حسین اور ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ ہوں گے، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین
25 اگست 2016: پولیس کا عامر لیاقت کو تحویل میں لینے کا فیصلہ۔ عامر لیاقت 3 مقدمات میں نامزد ہیں۔ ایس ایس پی ملیر
25 اگست 2016: گزشتہ روز سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، ذمہ دار قائد ایم کیو ایم ہوں گے: عامر لیاقت
27 اگست 2016: فاروق ستار دباؤ میں آ کر بیان دے رہے ہیں، وہ بیان سے نہیں، قائد سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔ عامر لیاقت
27 اگست 2016: الطاف حسین سے اعلان لاتعلقی کافی نہیں، فاروق ستار کو متحدہ کا آئین بدلنا ہو گا: عامر لیاقت
11 اکتوبر 2016: ڈان میں چھپنے والی خبر سے پانامہ میں گھری ہوئی وفاقی حکومت کو فائدہ ہوا: عامر لیاقت
2 نومبر 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے عمران خان سے متعلق آصف زرداری کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا
24 نومبر 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے پاکستانی سیاستدانوں کے لندن میں فلیٹس کا پول کھول دیا
6 دسمبر 2016: قائمہ کمیٹی قواعد وضوابط کا مولانا فضل الرحمان پر بے بنیاد الزامات کا نوٹس۔ اینکر عامر لیاقت اور بول ٹی وی مالکان آئندہ اجلاس میں طلب
17 دسمبر 2016: باکسر عامر خان کی اہلیہ اور اہل خانہ کے مابین لڑائی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کی نجی ٹی وی چینل پر تنقید
15 دسمبر 2016: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پول کھول دیا
28 دسمبر 2016: عامر لیاقت حسین اور نبیل گبول پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ نعیم الحق
7 جنوری 2017: اوم پوری کو را کی جانب سے قتل کروایا گیا ہے: عامر لیاقت کا دعوی
19 جنوری 2017: کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عامر لیاقت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
26 جنوری 2017: پیمرا نے نجی ٹی وی چینل پر عامر لیاقت کے پروگرام ’’ایسے نہیں چلے گا‘‘ پر پابندی عائد کر دی
27 جنوری 2017: بول ٹی وی چینل نے پابندی کے باوجود عامر لیاقت کا شو نشر کر دیا
27 جنوری 2017: پیمرا نے پابندی کے باوجود عامر لیاقت کا پروگرام نشر کرنے پر بول چینل کو نوٹس جاری کر دیا
27 جنوری 2017: سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت پر پابندی کا پیمرا کا حکم کالعدم قرار دے دیا
8 فروری 2017: سپریم کورٹ کا عامر لیاقت کے پروگرام “ایسا نہیں چلے گا” پر کے حوالے سے پیمرا کا حکم برقرار
9 فروری 2017: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پروگرام بحال ، سندھ ہائیکورٹ نے اسٹے آرڈر جاری کردیا
10 فروری 2017: عامر لیاقت کے پروگرام ایسے نہیں چلے گا پر پابندی برقرار، سندھ ہائی کورٹ کا حکم واپس
27 فروری 2017: انسداد دہشتگردی کی عدالت کا فاروق ستار، عامر لیاقت اور خالد مقبول کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم
2 مارچ 2017: سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا
18 مارچ 2017: عامر لیاقت نے احمدی کمیونٹی سے متعلق دیے گئے بیان پر معافی مانگ لی
22 مارچ 2017: پیمرا سندھ اور لاہور نے ’’بول ٹی وی‘‘ کے اینکر پرسن عامر لیاقت کے خلاف شکایات پر سفارشات بھجوا دیں
27 مارچ 2017: پیمرا کی جانب سے عامر لیاقت کو نفرت انگیز مواد نشر کرنے پر عوام سے معافی مانگنے کا حکم،
28 مارچ 2017: سپریم کورٹ میں عامر لیاقت کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت 18 اپریل تک ملتوی
26 اپریل 2017: سندھ ہائی کورٹ میں عامر لیاقت کے خلاف بغاوت کے مقدمے کیس کی سماعت
13 مئی 2017: لان، گاڑی اور موٹر سائیکل کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت نے ہوائی جہاز بانٹنے کا اعلان کر دیا
19 مئی 2017: عامر لیاقت کی جانب سے بول ٹی وی چینل کو بھی خیرآباد کہہ دینے کی اطلاعات
23 مئی 2017: چئیرمین ابصار عالم کی تنخواہ وزیراعظم، چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تنخواہ سے بھی زیادہ ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت
6 جون 2017: نجم سیٹھی نے استعفی نہیں دیا بلکہ جیو کی جانب سے انہیں چینل سے نکالا گیا: عامر لیاقت کا دعوی
15 اگست 2017: عامر لیاقت نے بول چینل چھوڑ دیا، لائیو شو میں بھی اعلان کردیا
21 اگست 2017: عامر لیاقت کا بول ٹی وی پر دوبارہ واپسی کا امکان
23 اگست 2017: معروف اینکر اور مذہبی اسکالر عامر لیاقت کو ن لیگ کے رہنما کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں
28 اگست 2017: عامر لیاقت حسین نے ٹویٹر پر مریم نوازشریف کا مذاق بنا ڈالا
28 اگست 2017: میڈیا انڈسٹری سے فی الحال کنارہ کشی، عامر لیاقت نے دبئی میں فیشن آوٹ لٹ کا کاروبار شروع کر دیا
5 ستمبر 2017: ڈاکٹر عامر لیاقت کا وقار ذکا کے ہمراہ برما جانے کا اعلان
8 ستمبر 2017: ڈاکٹر عامر لیاقت روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے میانمار روانہ ہو گئے
9 ستمبر 2017: ڈاکٹر عامر لیاقت کو میانمار میں گرفتار کر لیے جانے کی اطلاعات
10 ستمبر 2017: قانونی دستاویزات کے باوجود ہمیں واپس بھیج دیا۔ برما پہنچنے پر مجھے اور وقار ذکاء کو برمن حکام نے علیحدہ علیحدہ کمروں میں بٹھا کر کئی گھنٹوں پر سوال جواب کئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین
11 ستمبر 2017: عامر لیاقت اور وقار ذکا کی جانب سے میانمار جانے کا دعوی محض ایک ڈرامہ تھا؟ سوشل میڈیا پر بحث
11 ستمبر 2017: ڈاکٹر عامر لیاقت کو میانمار کے ائیر پورٹ پر گرفتار کرنے کے بعد بحفاظت پاکستان بھیج دیا گیا
11 ستمبر 2017: قوم کی دعائیں رنگ لے آئیں، سینئر اینکر ڈاکٹرعامر لیاقت خیریت کیساتھ میانمار سے وطن واپس پہنچ گئے
12 ستمبر 2017: سینئر اینکر عامر لیاقت حسین اور وقار ذکا کے ساتھ کیا ہوا اور انہیں کیسے واپس پاکستان بھیج دیا گیا؟ عامر لیاقت کے انکشافات کر دیے
27 ستمبر 2017: مریم نواز 70 ملین ڈالر کی کرپشن میں ملوث ، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کرپشن بے نقاب کر دی
28 ستمبر 2017: بیگم کلثوم نواز کا لندن کے مہنگے ترین اسپتال میں علاج ، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین تفصیلات سامنے لے آئے
9 اکتوبر 2017: : مریم نواز نے اپنے شوہر کی گرفتاری پر وکٹری کا نشان بنایا ، ڈاکٹر عامر لیاقت
17 اکتوبر 2017: ایک اور پلانٹڈ شو؟ عامر لیاقت معروف اینکر شاہ زیب خانزادہ اور طلال چودھری کے درمیان ہونے والی پس پردہ گفتگو کی ریکارڈنگ سامنے لے آئے
19 اکتوبر 2017: ریحام خان سے طلاق کے بعد عمران خان نے مجھے ٹیلی فون کیا تھا اور اس دوران آبدیدہ ہو گئے تھے: عامر لیاقت حسین
23 اکتوبر 2017: ڈاکٹر عامر لیاقت نے سیاست میں واپس آنے کا اعلان کر دیا
23 اکتوبر 2017: عامر لیاقت حسین کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ
24 اکتوبر 2017: عامر لیاقت حسین کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ، اعلان آج کریں گے
25 اکتوبر 2017: عامر لیاقت حسین کی تحریک انصاف میں شمولیت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا
26 اکتوبر 2017: تحریک اںصاف میں شمولیت فی الحال ملتوی ہوئی ہے تاہم شمولیت ضرور اختیار کروں گا: عامر لیاقت حسین
27 اکتوبر 2017: : بول نیوز کے اینکر عامر لیاقت کے پروگرام میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف جھوٹے الزامات پر ٹی وی چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ
27 اکتوبر 2017: میر ابراہیم رحمان نے عمران خان کے خلاف ریحام خان کا انٹرویو کرنے کو کہا۔ عامر لیاقت حسین
30 اکتوبر 2017: چار مقدمات میں سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی درخواست پر سماعت ملتوی
1 نومبر 2017: میئر کراچی نے عامر لیاقت اور بول ٹی وی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ لائیو شو’ایسا نہیں چلے گا‘ میں جھوٹے، من گھڑت، بے بنیاد الزامات لگائے گئے
3 نومبر 2016: عمران خان کے جلسے سے ثابت ہو گیا کہ وہ فوج کا آدمی نہیں ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین
18 نومبر 2017: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بول ٹی وی چینل کو خیرباد کہنے کا حتمی اعلان کر دیا
18 نومبر 2017: بول چینل کے پروگرام میں جس جس کا دل دکھایا اس سے معذرت چاہتا ہوں۔ پروگرام میں وہی کچھ کہتا تھا جو چینل انتظامیہ کی جانب سے کہنے کی ہدایت کی جاتی تھی: عامر لیاقت حسین
( بشکریہ : ہم سب ۔۔ لاہور )
فیس بک کمینٹ