ملتان:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ 8فروری کوہم سرپرائز دیں گے اورآنیوالا وزیراعظم پاکستان پیپلزپارٹی کاہوگا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتے کے روز مسلم لیگی رہنماء سینیٹر رانامحمودالحسن،سابق ایم پی اے رانا طاہرشبیر،رانااقبال سراج اوردیگررہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے الزام عائدکیا کہ نوازشریف اور عمران خان ابھی سے انتقامی سیاست کی بات کررہے ہیں لیکن ہم عوام کی سیاست کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں عوام کالاڈلاہوں۔ تحریک انصاف نے اپناکیس صحیح پیش نہیں کیا۔ شاید انہیں کسی اور نشان پر الیکشن لڑنا پڑے۔ وسیب کے عوام ہمیں ووٹ دیں ہم الگ صوبہ بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم رانامحمود الحسن اور دیگر مسلم لیگیوں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہم مل کر اس خطے کے لیے جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کامطالبہ رہاہے کہ انہیں دھاندلی کرواکر دوبارہ لایا جائے۔کاش وہ ہمارے ساتھ انتخابی اصلاحات کرلیتے۔وہ جیل سے بچنے یا باہرآنے کے لیے سیاست کررہے ہیں۔ وہ صرف اشرافیہ کے نمائندے ہیں ہم عوام کے مسائل حل کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ہم ہی پاکستان کو سنگین بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ ہم نفرت اورتقسیم کی سیاست کو دفن کردیں گے۔ مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کو بے نظیر کارڈ کے ذریعے امداد پہنچائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم دس نکاتی ایجنڈے پر عمل کریں گے۔جیسی بھی پچ ملے ہم ڈٹ کرمقابلہ کرنے والے ہیں۔
فیس بک کمینٹ

