اسلام آباد : ایک نجی ٹی وی چینل جی این این کے صحافی کے لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ادارے کی جانب سے پولیس کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
چینل کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحافی یاسر ایاز خان گذشتہ روز شام تقریباً پانچ بجے اپنے گھر سے نکلے تھے، تاہم اس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
درخواست کے مطابق، اہلِ خانہ اور ادارے کی جانب سے صحافی سے رابطہ کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، جن میں موبائل فون کے ذریعے رابطہ بھی شامل ہے، لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ اس صورتحال کے باعث اہلِ خانہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صحافی کے اچانک لاپتہ ہونے سے نہ صرف ان کے گھر والوں بلکہ میڈیا حلقوں میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے۔
چینل نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صحافی کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
درخواست میں عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس یاسر ایاز خان کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ ان تک جلد رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
جی این این چینل میں کام کرنے والے ایک سینیئر عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ آبپارہ پولیس اس واقعے کو دیکھ رہی ہے اور مانسہرہ کے ایک گاؤں میں مقیم یاسر ایاز کے گھر والوں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی )
فیس بک کمینٹ

