اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے تصادم اور لاشیں چاہتے ہیں اس لیے ڈی چوک آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے خود کو ذہنی غلامی سے تو آزاد کریں، بزدلی یہ ہے کہ آپ غریبوں کو مروانے کے لیے احتجاج کررہے ہیں، یہ چاہتے ہیں معصوم پاکستانیوں کا خون بہے، پی ٹی آئی کو لاشیں چاہئیں، عمران خان آزادی کی جدوجہد کے لیے پہلے اپنے بیٹوں کو واپس بلائیں۔
سابق وزیر نے کہا کہ یہ ڈی چوک اس لیے آئیں گے کیونکہ انہیں تصادم چاہیے، پی ٹی آئی کے اندر سے لاشوں کے ڈھیر گرانے کی تیاری ہے، بانی پی ٹی آئی اپنی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک رہے ہیں، پی ٹی آئی کے لوگوں کا دماغ کدھر ہے، بیرسٹرگوہر شریف آدمی ہیں، ان کو کہہ دیا بزدل ہے نکال دیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا 4 اکتوبر کو ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کا اعلان
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ گنڈا پور ایک پیادہ ہے مگر اس کی زندگی بھی اہم ہے، اس کے پیچھے ایک کہانی چل رہی ہے، جو بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی بات کررہاہے وہ وزیراعلیٰ ہے، آپ کے پی کے وسائل اپنے احتجاج کے لیے استعمال کر رہے ہیں، کے پی اور پنجاب کی پولیس آمنے سامنے کھڑی شیلنگ کررہی ہے۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ 2018 میں ہم نے مینڈیٹ چوری کیا آج انہوں نے کرلیا، فیض حمید جب ڈی جی تھا تب میں نے اس سے تکلیف اٹھائی تھی، فیض حمید کے سامنے اس وقت کھڑا ہوا جب وہ کرسی پر تھے، مجھے اس دوراہے پر نہ لائیں کہ اپنےفون سے قوم کے سامنے کچھ رکھنا پڑے، میں ان میں سے نہیں جو 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرکے الگ ہوئے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں سمٹ ہورہی ہے، دیگر ممالک کے وزرائے اعظم آرہے ہیں، 9 سینٹ کی بجلی دینے کی بات ہورہی ہے، ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے، عمران خان کو پریشانی یہ ہے کہ معیشت بہتر ہوگئی ہے اور ملک پٹری پر چڑھ گیا ہے، حکومت کی نالائقی ہے کہ وہ ان چیزوں کو نہیں ہائی لائیٹ کر رہی۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ