اسلام آباد:احتساب عدالت اسلام آباد نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں کیس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت کی جانب سے کیس دو مرتبہ کال کیا گیا تاہم وکلا صفائی کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی کی گئی۔ عدالت نے وکلا کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ وکلاء صفائی کو 10 بجے کا وقت دیا گیاتھا پھر بھی پیش نہیں ہوئے، دو مرتبہ کیس کال کیا گیا ہے، وکلا پھر بھی غیر حاضر ہیں۔
عدالت نے سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہاکہ جس طرح سماعت ملتوی کردی گئی یہ بڑا عجیب ہے، وکلا کو سپرنٹنڈنٹ آفس میں بٹھادیا گيا تھا اور کورٹ کے اندر بتایا گیا کہ وکلا موجود نہیں، وقت پر پہنچ گئے تھے۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ