ملتان:یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے اپنے نفع میں کمی کرتے ہوئے 8 سو سے زائد اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں 10 سے 15 فیصد کمی کردی ہے۔بچت پیکج سے مالی پریشانی کے شکار شہریوں کونمایاں ریلیف ملے گا۔صارفین کی شکایات کے ازالہ کے لیے تمام منی مارکیٹس پر ہیلپ ڈیسک قائم کردئیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار زونل منیجر ملتان فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ریجنل منیجر ملتان احسن منگانہ،وئیر ہاوس انچارج اسرار فرید اور ایریا منیجر غضنفر علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔زونل منیجر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔صارفین کے اعتماد کی بحالی کے لئے رمضان المبارک پیکج سے بڑھ کر بچت پیکج دیا جارہا ہے۔جس کے لیے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے اپنا پرافٹ کم کردیا ہے۔جس کی وجہ سے ریلیف پیکج دینے کے باوجود حکومتی خزانہ پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اور صارفین کا نصف صدی کا ساتھ ہے۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن گزشتہ 52 سالوں سے کامیابی کے ساتھ اپنے صارفین کو خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ادارہ ہمیشہ حکومتی اعلان کردہ سبسڈیز کو شفاف طریقہ سے شہریوں تک پہنچانے کے لیے اپنی خدمات (سروسز) فراہم کرتا ہے۔اب بھی مشکل مالی حالات کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے ثابت کیا ہے کہ ہم اپنے کسٹمرزکا پہلے بھی خیال رکھتے تھے اور اب بھی رکھ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس وقت اشیاء ضرورت پر کوئی سبسڈی فراہم نہیں کی جارہی۔اس وقت یوٹیلتی سٹورز پر اوپن مارکیٹ کی نسبت برانڈڈ گھی کی قیمت میں فی کلو 30 روپے،آئل فی لیٹر 28 روپے کم ہے۔900 گرام چائے کی قیمت 80 روپے،سرف فی کلو 43 روپے صابن بنڈل پیک میں 75 روپے کی نمایاں کمی کی گئی ہے۔جبکہ مختلف کمپنیوں کے دودھ،مصالحہ جات، ،کریم،سویاں،کپڑے دھونے اور نہانے کے صابن سمیت 8 سو سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔جبکہ آئندہ چند روز تک مزید اشیاء بھی اس بچت پیکج میں شامل کی جائیں گی۔ زونل منیجر نے صارفین کے نام پیغام میں کہا کہ وہ یوٹیلیٹی سٹورز پر خریداری کے لیے آئیں اور اس بچت پیکج سے فائدہ اٹھائیں۔
فیس بک کمینٹ