ملتان : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری فوج سے لڑائی نہیں ہوگی، وہ ہمارے محافظ ہیں، ہماری لڑائی آپ (حکومت) سے ہوگی۔
ملتان کے حلقہ پی پی 217 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ غدار وہ ہیں جو اس ملک کا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر محلات خریدتے ہیں۔ غدار وہ نہیں جو سب کچھ بیچ کے اپنے ملک آ جائیں اور ان کا جینا مرنا یہاں ہو۔ جو کرپشن کے خلاف جنگ لڑتے ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سازش کے سارے معاملے کی تحقیقات کرے۔انہوں نے کہا کہ اگرتحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کو نقصان پہنچے گا ۔ جب تک زندہ ہوں چوروں سے لڑتا رہوں گا۔ہم بتا دینا چاہتے ہیں پاک فوج ہماری فوج ہے۔ ہماری اپنی فوج سے لڑائی نہیں ہوسکتی۔ جب یہ لوگ اقتدار سے باہر تھے تواس وقت فوج کے خلاف باتیں کرتے تھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی‘ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ ملک عامرڈوگر‘ فیصل جاوید ودیگر شخصیات نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ عمران خان نےمزید کہا امریکہ نے ایک سازش کے ذریعے منتخب حکومت کو گرایا ۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا تحریک انصاف 26 سال سے ملک میں کرپشن کے خلاف جنگ کررہی ہے۔ عمران خان کرپشن کے خلاف اکیلا جنگ لڑ رہاہے۔ اب وقت آگیا ہے کرپشن کے خلاف جنگ لڑنے کیلئے قوم کو ساتھ دینا ہوگا۔ پچھلے 17 سالوں سے زیادہ ترقی گزشتہ دو سالوں میں ہوئی۔ ملکی معیشت بتدریج مضبوطی کی طرف بڑھ رہی تھی۔ ایکسپورٹ بڑھ رہی تھی۔ روپے کی قیمت بڑھ رہی تھی۔ ملک دشمنوں سے ملکی ترقی ہضم نہ ہوئی اور ایک سازش کے تحت ملکی ترقی کا پہیہ روک دیا گیا۔17 جولائی کو قوم نے لوٹوں کو شکست دینی ہے۔ یہ الیکشن نہیں بلکہ حقیقی آزادی کے خلاف جہاد ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں اور وفاق کی سوچ رکھتی ہے۔ پی پی‘ ن لیگ سکڑ چکی ہیں اور ایک علاقے تک محدو ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا 2010 ء میں سیلاب آیا تو قوم اکٹھی ہوئی۔ آج پھر وقت آیا ہے قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ قوم یکجاہو تو تمام بحرانوں سے نکل سکتے ہیں۔
فیس بک کمینٹ

