اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ڈسکہ میں فروری میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران 20 پریذائیڈنگ افسران کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بارے میں دو انکوائری رپورٹس جاری کر دیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو پہلے ہی اس بات کا علم تھا کہ کیا ہو رہا ہے اور انہوں نے منصوبہ بندی کے مطابق چیزوں کو ہونے دیا‘۔تاہم ڈان کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایک رپورٹ کی کچھ تفصیلات بتائی گئی تھیں، جو کہ اس کے باضابطہ اجرا سے پہلے کی تھیں۔
افسران کے خلاف 34 صفحات پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ضلعی انتظامیہ کسی نہ کسی سطح پر ضمنی الیکشن کے حوالے سے تمام ناپسندیدہ اور غیر قانونی واقعات میں شامل رہی‘۔ان افسران میں سے زیادہ تر اب معطلی کا سامنا کررہے ہیں۔
دوسری انکوائری رپورٹ میں معلوم ہوا کہ انتخابی عہدیداروں اورحکومتی اہلکاروں نے اپنے ’غیر قانونی آقاؤں کے ہاتھوں میں کٹھ پتلیوں‘ کے طور پر کام کیا۔فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا آغاز ڈسکہ ضمنی انتخاب میں دھاندلی، تشدد اور 20 پریزائیڈنگ افسران (پی اوز) کے لاپتا ہونے کے بعد کیا گیا تھا۔
بعد ازاں ای سی پی نے نتائج روک کر حلقہ این اے-75 میں دوبارہ ضمنی انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر نے اعتراف کیا کہ عمومی طور پر حکومت وقت ضمنی انتخاب میں دباؤ ڈالتی ہیں اور ’انہوں نے مجھ سے بھی رابطہ کیا‘۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی مشتبہ مقام پر موجودگی ان کی غیر جانبداری پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
حالانکہ انہوں نے واضح طور پر اس کی تردید کی ہے لیکن وہ مشتبہ مقام پر موجود نہ ہونے کو ثابت نہیں کرسکے کیوں کہ پی ٹی اے سے ان کے موبائل کے حاصل کیے گئے سی ڈی آر سے یہ انکشاف ہوتا ہے کہ ان کا سرکاری موبائل 19 اور 20 فروری کی درمیانی رات کے دوران کئی گھنٹوں تک اس علاقے میں استعمال ہوتا رہا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ واقعاتی شواہد اور اے ای اوز/پی اوز کے بیانات سے یہ انکشاف ہوا کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ بھی ریٹرننگ افسر کی معاونت کررہے تھے اور آنے والے واقعات سے باخبر تھے جس نے پولنگ کے دن امن و امان کی صورتحال کو تباہ کر دیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس کی روشنی میں انہوں نے اے ای اوز/پی اوز کو کچھ خاص ہدایات دیں جن کے ریکارڈ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ان کے ذہنوں کو الجھا کر انہیں خوفزدہ کر دیا۔انتخابی اہلکاروں کو غیر قانونی ہدایات دے کر اے سی ڈسکہ دراصل اے ای اوز/پی اوز کو ہراساں کررہے تھے اور انہیں اپنی ہدایات کے مطابق عمل کرنے اور فرخندہ یاسمین اور حامد رضا کی ہدایات کی پیروی کرنے پر راضی کررہے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈسٹرک پولیس افسر (ڈی پی او) نے جان بوجھ کر ریٹرننگ افسر کے پاس تاخیر سے سیکیورٹی پلان جمع کروایا تا کہ کسی بھی اعتراض، سوال اور جھول کی نشاندہی سے بچا جاسکے۔ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ ضلعی پولیس کے سربراہ ہوتے ہوئے ڈی پی اور ایس پی (انویسٹیگیشن) سیالکوٹ انتخاب کے دن اپنے گھروں میں رہے اور ضمنی انتخاب کے انتہائی اہم موقع پر امن و عامہ کی صورتحال میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )

