ملتان : معروف دانشور اورفیض احمد فیض پر پہلی پی ایچ ڈی کرنے والے ماہر تعلیم اورمصنف ڈاکٹرصلاح الدین حیدر نے کہاہے کہ فیض احمد فیض کے ساتھ ہماری یادیں بہت خوشگوار ہیں وہ نوجوانوں کے ساتھ محبت کرتے تھے۔فیض صاحب بہت دھیمے لہجے میں بات کرتے تھے اورہم نے انہیں مختلف مشاعروں اورتقریبات میں شرکت کے لیے جب بھی مدعو کیا وہ ملتان تشریف لائے ۔1974ءمیں آرٹس کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے وہ ملتان آئے توانہوں نے ڈاکٹر اسلم انصاری اورنامور مجسمہ ساز صادق علی شہزاد کے ساتھ ان کے گھر پرجاکرملاقات کی ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے فیض احمد فیض کی 40ویں برسی کے موقع پراے پی پی کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔نامور دانشور ،افسانہ نگار اورمقتدرہ قومی زبان کے سابق سربراہ ڈاکٹرانوار احمدنے کہاکہ فیض احمد فیض کی فکر آج بھی ہمیں حوصلہ دیتی ہے ۔ان کی شاعری میں امید کی کرن نظر آتی ہے اورہم نے آمریت کامقابلہ کرنے کے لیے ہمیشہ فیض احمدفیض کے کلام سے رہنمائی حاصل کی ۔معروف کالم نگار اورادیب شاکر حسین شاکر نے کہاکہ فیض صاحب ملتان میں نامور براڈ کاسٹر عفت ذکی کے مہمان ہوتے تھے ،میری عفت ذکی صاحبہ سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ فیض صاحب کابہت عقیدت اورمحبت کے ساتھ ذکر کرتی تھیں ۔ان کے پاس فیض احمدفیض کے خطوط بھی موجودتھے جن کے مطالعے سے معلوم ہوا کہ فیض صاحب انہیں اپنے تازہ اشعار بھی ارسال کرتے تھے ۔
فیس بک کمینٹ