کراچی : پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 139 رنز کا آسان ہدف 18 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔گلیڈی ایٹرز کے بولرز محمد حسنین، ڈیوئن براوو اور سہیل تنویر نے اپنا جادو دیکھایا اور بعد ازاں گلیڈی ایٹرز کے ٹاپ آرڈر نے بھی سرفراز کو دھوکہ نہیں دیا۔139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شین واٹسن تھے جو تیسرے اوور میں صرف سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ 66 کے مجموعی سکور پر زلمی کو دوسری کامیابی احسن علی کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد تیسری وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد اور ریلی روسو نے 73 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس سے قبل گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شاندار بولنگ کی بدولت پشاورزلمی بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے تھے۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نوجوان بولر محمد حسنین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیوئن براوو نے 24 رنز دے کر دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔