پشاور: رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو شمالی وزیرستان سے گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 26 مئی کو خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سے محسن داوڑ مفرور تھے جنہیں حراست میں لیا جاچکا ہے۔خاڑ چیک پوسٹ پر حملے میں پانچ جوان زخمی ہوئے تھے جس کے بعد رکن اسمبلی علی وزیر سمیت 8 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا تاہم محسن داوڑ ہجوم کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔تھانہ سی ٹی ڈی بنوں میں انسپکٹر محمد جلیل خان کی مدعیت میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کا مقدمہ درج کیا گیا جس میں دہشت گردی، 302،324 سمیت کُل 10 دفعات شامل کی گئیں۔محسن داوڑ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے پی ٹی ایم کور کمیٹی کے رکن فرہاد آفریدی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ محسن داوڑ کو سکیورٹی فورسز نے خڑ کمر چیک پوسٹ واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محسن داوڑ کو ممکنہ طور پر آج بدھ کے روز بنوں کے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی ایم نے قبائلی جرگہ کی درخواست پر شمالی وزیرستان میں دھرنا عید تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا جرگے نے محسن داوڑ کو گرفتار نہ کیے جانے کا کوئی وعدہ کیا تھا جس کے جواب میں فرہاد آفریدی نے کہا کہ ’ریاست نے ہمیشہ ہی ایسی چالیں چلی ہیں اور دھوکہ دیا ہے۔‘
فیس بک کمینٹ