اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعظم پر توہین صحابہؓ کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان دیندار آدمی ہیں صرف انہوں نے داڑھی نہیں رکھی ہوئی۔قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث ملتوی ہوگیا۔ بعدازاں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن آج ایوان میں تقسیم نظر آئی، فضل الرحمان کی پارٹی جے یو آئی نے آج ایوان کو ہائی جیک کیا اور بجٹ پر بحث کا آغاز نہیں ہونے دیا، شہباز شریف کی تقریر میں رخنے انہوں نے ڈالے۔فواد چودھری نے ن لیگ اور پی پی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا ایک ہی بیانیہ ہے ہمارے پاپا کو چھوڑ دو، ان کے بڑے بڑے بزرگ جیلوں میں ہیں، تحقیقات میں پیش رفت ہورہی ہے، اگلا مرحلہ ریکوری کا ہے اس لیے یہ گھبرائے ہوئے ہیں، ان کا بس ایک مطالبہ ہے ہمارے پیسے چھوڑ دو لیکن ہمیں عوام نے ان کے احتساب کےلیے ووٹ دیا ہے، انہیں اصل پریشانی یہ ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی کی راہ ہموار ہورہی ہے۔وزیراعظم کی تقریر کی صحابہ کرامؓ کی شان میں مبینہ گستاخی سے معاملے پر فواد چودھری نے کہا کہ مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، لیکن ن لیگ سمیت تمام اپوزیشن موقع ملتے ہی اس معاملے پر اکٹھا ہوجاتی ہے، ہر مہذب شخص ان کے رویے کی مذمت کرے گا، اس معاملے پر ہونا بھی کچھ نہیں کیونکہ ہر شخص کو پتہ ہے کہ عمران خان انتہائی دیندار اور ایماندار آدمی ہیں، ان کی زندگی اور اصولوں سے واقف ہر شخص جانتا ہے کہ صرف انہوں نے داڑھی نہیں رکھی ہوئی لیکن وہ مکمل دیندار اور ایماندار آدمی ہیں، اس معاملے پر سیاست کامیاب نہیں ہوگی۔
فیس بک کمینٹ