لندن :ورلڈ کپ کے دوران انڈیا پاکستان کے میچ کا شاخسانہ سوشل میڈیا پر وینا ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان تلخ کلامی کی صورت نکلا اور اس نے نئی بحث کو جنم دے دیا۔اس بحث کے کئی پہلو ہیں اور ہر پہلو پر سوشل میڈیا کے لوگ اپنی اپنی سمجھ کے اعتبار سے رائے دینے سے گریز نہیں کر رہے ہیں۔میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد اپنی خراب کارکردگی کے لیے سینيئر کرکٹر شعیب ملک تو پہلے سے ہی لوگوں کے نشانے پر تھے لیکن جب سے ایک ریستوران میں ثانیہ مرزا کے ساتھ ان کی تصویر وائرل ہوئی ہے، ثانیہ بھی اس کی زد میں آ گئیں۔کسی نے انھیں انڈیا کا بارھواں کھلاڑی، کسی نے را (انڈیا کی خفیہ ایجنسی) کا ایجنٹ، کسی نے انڈر کور، تو کسی نے انڈیا کی جیت میں ان کے کردار پر بات کی۔
اس سے قبل کسی ریستوران کے باہر کسی نے ثانیہ کی ان کے بیٹے کے ساتھ ویڈیو بھی بنائی جو وائرل ہوئی اور اس پر ثانیہ مرزا نے برہمی کا اظہار کیا۔ ویڈیو ڈالنے والے نے ویڈیو ہٹا تو لی لیکن ابھی اس کے متعلق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی تلخی کم نہیں ہوئی تھی کہ پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے ایک نصیحت آموز ٹویٹ کر ڈالا جو شاید جلتی پر تیل کا کام کر گیا۔دراصل وینا ملک نے جنک فوڈ ریستوران آرچیز میں ثانیہ کو اپنے بچے کے ساتھ جانے کے بارے میں تادیبی قسم کا ٹویٹ کیا تھا۔انھوں نے لکھا: ‘ثانیہ، میں آپ کے بچے کے بارے میں واقعی متفکر ہوں۔ آپ لوگ اسے شیشہ پینے والی جگہ لے گئے۔ کیا یہ صحت کے لیے مضر نہیں؟ جہاں تک مجھے علم ہے آرچی جنک فوڈ کے لیے جانا جاتا ہے جو کہ ایتھلیٹ/بچوں کے لیے ٹھیک نہیں۔ آپ کو یہ بہتر طور پر معلوم ہونا چاہیے کیونکہ آپ خود ایک ماں اور ایک ایتھلیٹ ہیں؟’ثانیہ نے اس کے جواب میں لکھا: ‘وینا، میں اپنے بچے کو شیشے کی جگہ نہیں لے گئی تھی۔اس سے نہ آپ کو اور ناں ہی دنیا کے باقی لوگوں کو سروکار ہونا چاہیے کیونکہ میرے خیال سے میں اپنے بیٹے کا کسی سے بھی زیادہ خیال رکھتی ہوں۔ دوسرے یہ کہ ناں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ڈائٹیشین ہوں، ناں ہی ان کی ماں یا پرنسپل یا ٹیچر ہوں۔’ان دو ٹویٹس سے سوشل میڈیا کو مصالحہ مل گیا اور انھوں نے اپنی پسند کے اعتبار سے حمایت اور مخالفت شروع کر دی۔ پاکستان اور انڈیا دونوں جگہ ثانیہ مرزا ٹرینڈ کرنے لگیں۔بقول وینا ملک ثانیہ مرزا ان کی بات پر اس قدر بھڑکیں کہ انھوں نے ان کے ماضی کو لے کر ذاتی کمنٹس کر ڈالے لیکن بعد میں انھوں نہ صرف ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی بلکہ وینا ملک کو بلاک بھی کر دیا۔اس پر وینا نے ٹویٹ کیا: ‘تو ایسا ہوا۔ پہلے انھوں نے ٹویٹ کیا پھر ٹویٹ کو ڈلیٹ کر دیا اور مجھے بلاک کردیا۔ میں نے اپنے خدشات کو انتہائی مہذب، ٹھنڈے اور سلیقے سے ظاہر کیا تھا۔ اس پر صحت مندانہ بحث ہو سکتی تھی۔’ خیال رہے کہ اتوار کو پاکستان کی شکست کے بعد سے ایک ریستوران کی تصویر وائرل ہے جس میں ثانیہ مرزا، ان کے شوہر شعیب ملک کے ساتھ کرکٹر انعام الحق، وہاب ریاض، عماد وسیم وغیرہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان کے درمیان ایک بوتل ہے اور دھوئیں کے مرغولے اٹھ رہے ہیں۔اس ویڈیو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ سنیچر اور اتوار کی شب کی بات ہے۔ لیکن پاکستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ جمعے اور سنیچر کے درمیانی شب کی بات ہے۔ان سب کے باوجود بہت سے لوگ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فٹنس کے بارے میں لاپروائی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )