پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹا کر اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
سرفراز احمد کو ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے بھی ہٹا دیا گیا ہے اور بابر اعظم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے جو سرفراز احمد کی کپتانی سے خوش دکھائی نہیں دے رہے تھے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی اور خاص کر سرفراز احمد کی عالمی مقابلے میں بیٹنگ میں قابل ذکر کارکردگی نہ ہونے کے بعد سے اس بات کے اشارے مل رہے تھے کہ سرفراز احمد کی کپتانی خطرے میں ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اگرچہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز دو صفر سے جیتنے میں کامیاب ہو گئی تھی تاہم سری لنکا کی نوجوان ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین صفر کی ہزیمت کے بعد سرفراز احمد کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا تھا۔
سرفراز احمد کو فیصل آباد میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن انھوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ہی کپتانی چھوڑ دی تھی جس کے بعد یہ ذمہ داری اسد شفیق کے سپرد کر دی گئی۔