اسلام آباد : پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے مالی خسارے میں اضافے کے باعث ملازمیں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی وی کا خسارہ 2،72 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے اور اس کی واحد آمدن یوٹیلٹی بلز میں وصول کی جانے والی فیس ہے ، جب کہ پی ٹی وی کے شعبہ اشتہارات کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ خسارے کے باّث تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہو جائے گی ۔اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مسلم لیگ نون کے برسر اقتدار آنے کے بعد پی ٹی وی کی مالی حالت زیادہ خراب ہوئی ہے ۔ اخبار کے مطابق اسی ادارے نے 2011،12 کے دوران 21 کروڑ 90 لاکھ روپے منافع کمایا تھا۔ 2012،13 کے مالی سال کے دوران بھی ادارہ منافع میں جا رہا تھا۔ موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد 2013،14 میں پی ٹی وی کو 73 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا تھا جو اب بڑھ کر دو ارب روپے سے زیادہ ہو گیا ہے ۔ 2016 میں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں جو اعداد و شمار پیش کئے گئے ان کے مطابق پی ٹی وی کی کل آمدن 9 ارب اور اخراجات 11 ارب روپے ہیں ۔ پی ٹی وی کے ڈائیریکٹر فنانس نے حال ہی میںجو سرکلر جاری کیا اس میں بتایا گیا ہے کہ ملازمین کے میڈیکل بلوں اور دیگر مراعات کے لئے رقم موجود نہیں ۔ اس سے پہلے وزیر اطلاعات نے بھی سینیٹ کو بتایا تھا کہ پی ٹی وی مختلف سینٹرز پر آرٹسٹوں کو بھی کئی ماہ سے ادائیگیاں نہیں کر سکا ۔
فیس بک کمینٹ