اسلام آباد : نام ور ادیب ، کالم نگار اور دانش ور عطاء الحق قاسمی نے پی ٹی وی کی چیئر مین شپ سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ اپنے استعفے میں انہوں نے تحریر کیا ہے کہ اطلاعات و نشریات ، قومی ورثہ ، اور ادب و تاریخ کی وزارت کی موجودہ صورت حال میںمیرے لئے پی ٹی وی کے چئیر مین کی حیثیت سے کام کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ عطاء الحق قاسمی 23 دسمبر 2015 ء سے اس عہدے پر کام کر رہے تھے ۔ دریں اثناء گردو پیش سے بات چیت کرتے ہوئے عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ میں نے یہ منصب سنبھالنے کے بعد پی ٹی وی کی عظمت رفتہ کو بحال کیا ۔ ہم نے پرائیویٹ پروڈکشن پر انحصار کی بجائے اپنے سٹوڈیوز کو آباد کیا ۔ نئے پروگرام شروع کئے ۔ لیکن اس کے بعد وزارت اطلاعات کے افسروں نے میرے کام میںمداخلت شروع کر دی ۔ چیئرمین کی حیثیت سے مجھے جو اختیارات حاصل تھے انہیں چیلنج کیا گیا ۔بورڈ آف گورنرز کے فیصلے تسلیم نہ کیے گئے ۔ پہلے میرے سیکریٹری کو تبدیل کر کے او ایس ڈی بنا دیا گیا اورکل کمپنی کےسیکریٹری کو بھی تبدیل کر دیا گیا ۔ ان حالات میںضروری ہو گیا تھا کہ میںاپنے عہدے سے مستعفی ہو جاؤں۔
فیس بک کمینٹ