ریاض : سعودی عرب کے صوبہ عسير میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے ۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے بتایا ’ حکام اس جرم میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو شناخت کرنے میں کامیاب ہو گئے اور ان میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور یہ دونوں سعودی شہری ہیں۔سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس واقعہ میں کون ملوث تھا اور نہ ہی مشتبہ افراد کی شناخت کو ظاہر کیا گیا ہے۔ایس پی اے کے مطابق تیسرے مشتبہ سعودی شخص نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر کے چوتھے اہلکار کو ہلاک کر دیا جبکہ چار اہلکار زخمی ہو گئے۔عرب نیوز نے سعودی وزارتِ داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا پیچھا کیا۔اس جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو مشتبہ حملہ آور پکڑے گئے جبکہ تیسرا حملہ آور مارا گیا۔اے ایف پی کے مطابق چیک پوسٹ پر حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب سعودی عرب ہمسایہ ملک یمن کی جنگ میں پھنسا ہوا ہے۔
فیس بک کمینٹ