لاہور : حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں تین روز کی توسیع کر دی ہے۔پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پنجاب حکومت نے نوازشریف،مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں مزید 3دن کا اضافہ منظور کیا ہے۔اس سے پہلے منگل کی رات کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو سوا بارہ بجے لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں ادا کی جائے گی اور اس کے بعد ان کا جسد خاکی جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئر پورٹ لایا جائے گا۔بدھ کی صبح پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اپنی بھابی کلثوم نواز کی میت لینے لندن روانہ ہو گئے ہیں ۔ دوسری جانب جاتی امرا میں تعزیت کے لیے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے تاہم اطلاعات کے مطابق نواز شریف طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے کسی سے ملاقات نہیں کر رہے ہیں۔
فیس بک کمینٹ