دبئی: لیوک رونکی کی طوفانی اننگز کی بدولت پاکستان سپر لیگ تھری کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا۔اسلام آباد کی اننگز کے دوران لیوک رونکی نے ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی اور میچ کو 13ویں اوور میں ہی ختم کردیا۔یہ پی ایس ایل کی تاریخ گیندوں کی اعتبار سے سب سے بڑی فتح تھی۔ اسلام آباد نے 45 گیندوں پہلے میچ کا اختتام کردیا گیا۔اسلام آباد نے میچ میں پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین ٹیم سنچری بھی اسکور کی جو کہ 49 گیندوں پر پوری ہوئی۔
پی ایس ایل کے پہلے پلے آف میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنے والی کراچی کنگز کی ٹیم اپنا اگلا میچ کھیلنے دبئی سے لاہور پہنچ گئی۔پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 20 مارچ کو پلے آف کا دوسرا میچ کھیلا جائے گا اور فاتح ٹیم کا مقابلہ 21 مارچ کو کراچی کنگز سے ہوگا۔