دبئی : جمعرات کو دبئی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان نے پشاور کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پشاور زلمی کے کیرون پولارڈ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ انھیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ عمر امین نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ زلمی نے 173 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کر لیا۔ زلمی کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی امام الحق 39 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ کامران اکمل ملتان کے محمد الیاس کی گیند پر بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس سے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فلیچر 24 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے۔ سلطانز کی جانب سے جانسن چارلس نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز بنائے۔ شعیب ملک 28رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہد آفریدی ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ سلطانز کے ڈینئیل کرسچیئن 18 رنزاور جیمز ونس 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ جبکہ جانسن چارلس کو لییم ڈوسن نے بولڈ کیا انھوں نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلتے ہوئے 57 رنز بنائے۔ سلطانز کے پہلے آؤٹ ہونے والے عمر صدیق 18 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اس سے پہلے یہ دنوں ٹیمیں 24 فروری کو شارجہ سٹیڈیم میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکی ہیں۔ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 145 رنز کا ہدف دیا تھا جس کو زلمی نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔ ملتان سلطانز 6 میں سے 2 میچز میں کامیاب رہی ہے جب کہ پشاور زلمی 5 میں سے 3 میچز میں فاتح ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ ملتان سلطانز 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم شعیب ملک (کپتان)، جیمز ونس، ڈین کرسچیئن، نعمان علی، شاہد آفریدی، جانسن چارلس، عمر صدیق، جنید خان، محمد الیاس، ٹام مورز اور محمد عرفان پر مشتمل ہے۔ جبکہ پشاور زلمی کامران اکمل، امام الحق، عمر امین، آنڈرے فلیچر، کیرون پولارڈ، لییم ڈوسن، ڈیرن سیمی، ابتسام ، وہاب ریاض، حسن علی، اور عمید آصف پر مشتمل ہے۔
فیس بک کمینٹ