ملتان (اے پی پی۔ 24 مارچ2023ء) سخن ور فورم کے زیراہتمام صائمہ ملک کی کتاب” گزرے تھے ہم جہاں سے “ کی تعارفی تقریب منعقد ہوئی ، جس کےمہمان خصوصی نامور دانشور اورمترجم مجاہد عیشائی تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں ڈائریکٹر نادرامیجر(ر)عمران علی خان اور عاصمہ بتول شامل تھیں۔تقریب کی صدارت نامور ماہرتعلیم اوردانشور ڈاکٹرانواراحمد نے کی۔
ڈاکٹر انواراحمدنے کہاکہ صائمہ ملک اپنے افسانوں،ڈراموں اورکالموں کے ذریعے خواتین کی آوازبنیں۔انہوں نے معاشرے میں عورت پرہونے والے مظالم کوبے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ صائمہ ملک کے افسانوں،کالموں اور ڈراموں میں عورت کو مظلوم ہونے کے باوجود مضبوط دکھایاگیا ہے۔صائمہ ملک نے بہادری کے ساتھ مسائل اورمظالم کا سامنا کیا اور خود کو کمزور نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاشرے میں عورت کے حوالے سے جو منفی رویئے ہیں وہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ختم ہورہے ہیں۔ آج کی عورت ہمیں راستہ دکھارہی ہے۔ مجاہد عیشائی نے کہاکہ صائمہ ملک نے انتہائی جرات کے ساتھ وہ سب کچھ لکھ دیا جو ان کے دل میں تھا۔ مجھے وہ عورتوں کی منٹودکھائی دیتی ہیں۔ان کااسلوب جداگانہ اور منفرد ہے۔مہمان اعزاز عاصمہ بتول نے کہاکہ صائمہ ملک میری والدہ ہیں اور میرے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، میں انہیں سلام پیش کرتی ہوں۔
ڈائریکٹر نادرامیجر(ر)عمران علی خان نے کہا کہ صائمہ ملک فولادکو پگھلادینے والے عزم کے ساتھ اس کتاب کے تمام کرداروں میں دکھائی دیتی ہیں۔شاکرحسین شاکر نے کہاکہ صائمہ ملک کی اپنے موضوع پر گرفت حیران کن ہے۔ ان کاافسانہ ان کے قاری کے لیے حیران کن ہے ۔ رضی الدین رضی نے کہاکہ ان تحریروں کو ضبط تحریر میں لانا اور کتاب کی صورت میں شائع کرنا بھی حوصلے کی بات ہے۔
تقریب میں نامورشاعر خالد مسعود خان،سابق سفیر خیام اکبر،ماہرتعلیم محمد شہزاد اختر مغل، تنویر حسین شیخ، حمید ممتازچوہدری، ارشد نذیربھٹہ ایڈووکیٹ، خواجہ ندیم شہزاد، ظہورجوئیہ سمیت نامور شخصیات نے شرکت کی۔
فیس بک کمینٹ