پاکستان کے مختلف شہروں میں پیر کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر عورت مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاہم اسلام آباد میں عورت آزادی مارچ کے منتظمین کو پریس کلب کے باہر ریلی منعقد کرنے کی باضابطہ طور پر اجازت نہیں دی گئی ہے۔
البتہ انتظامیہ کے مطابق ان کی جانب سے عورت مارچ کا این او سی مسترد نہیں کیا گیا ہے اور وہ مارچ کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔
اسلام آباد میں عورت مارچ کی منتظم طوبیٰ سید کے مطابق اسلام آباد میں عورت مارچ منعقد کرنے کے لیے انھوں نے چھ ہفتے قبل نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کے لیے درخواست دی تھی تاہم باضابطہ طور پر کوئی این او سی جاری نہیں ہوا۔
انھوں نے گذشتہ برس عورت مارچ پر ہونے والے حملے کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’پچھلے سال ملک کے دارالحکومت میں دن دہاڑے ہم پر حملہ کیا گیا تھا۔ بتائے یہ ملک کس کا ہے؟‘
تاہم اجازت نامہ نہ ملنے کے باوجود اسلام آباد عورت مارچ کی منتظمین نے مارچ کے شرکا کو دوپہر ایک بجے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے پہنچنے کی ہدایت کی ۔
(بشکریہ:بی بی سی اردو)
فیس بک کمینٹ