پھر اپنی کرائم رپورٹنگ کا دور یاد آیا۔ 1993ءکی بات ہے لاہور کے ایک نواحی گاﺅں مناواں، میں ایک پولیس مقابلہ ہوا، حسب روایت سب ”مجرمان“ مارے گئے اور کسی پولیس والے کو خراش تک نہ آئی۔ کامیاب پولیس مقابلے کے بعد ایس پی سی آئی اے نے (جو غالباً اب وفات پا چکے ہیں) نے ایک پ±رتکلف پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔جس میں شہر کے کرائم رپورٹرز کو بتایا گیا کہ پولیس مقابلے میں مرنے والے دو افراد پر قتل، ڈکیتی، اقدام قتل، غنڈہ گردی اور اغوا جیسے سنگین جرائم کے درجنوں پرچے تھے، اتفاق سے یہ دونوں رات کے تین بجے موٹر سائیکل پر کہیں سے آ رہے تھے، پولیس کو خبر ہو گئی، آناً فاناً وائرلیس پر پیغامات جاری ہوئے اور پھر مناواں کے قریب انہیں پولیس نے ر±کنے کا حکم دیا، پولیس کو دیکھ کر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس کو بھی مجبوراً فائر کھولنا پڑا، نتیجے میں مجرمان موقع پر ہلاک ہو گئے۔ یہ بالکل ویسی ہی کہانی تھی جیسی ہر پولیس مقابلے کے بعد گھڑی جاتی ہے، کہانی سننے کے بعد چند کرائم رپورٹرز نے ایس پی کے ساتھ ہنسی مذاق کیا، جعلی پولیس مقابلوں پر جملے بازی کا تبادلہ ہوا، دونوں طرف سے قہقہے لگائے گئے اور پھر ایس پی صاحب نے یہ کہہ کر گفتگو کا ر±خ موڑ دیاکہ یہ کیک کھائیں، بڑا اسپیشل ہے۔ اس دوران میں وہ پریس ریلیز پڑھ چکا تھا جو پولیس نے ہمیں دی تھی، اس میں لکھا تھا کہ موٹر سائیکل پر تین افراد سوار تھے، میں نے ایس پی سے سوال کیا کہ جناب فرض کریں کہ آپ کا موقف درست ہے کہ ان دونوں پر درجنوں مقدمات تھے اور آپ کو بروقت مخبری ہو گئی اور یوں یہ اصلی مقابلہ وقوع پذیر ہوا مگر جو تیسرا شخص ا±ن کے ساتھ تھا، ا±س پر کسی مقدمے کی تفصیل آپ نے نہیں بتائی۔ مرنے کے بعد بھی آپ ا±س پر کوئی مقدمہ نہیں ڈال رہے تو ا±س بے گناہ کو کیوں قتل کر ڈالا؟ ایس پی کا جواب مجھے آج تک یاد ہے:”جو شخص ا±ن دونوں خطرناک مجرموں کے ساتھ آرہا تھا وہ کوئی شریف آدمی تو نہیں ہو سکتا (قہقہہ) آئیں اب چائے پئیں۔“ اس واقعے کو چھبیس برس ہو گئے، اس دوران ترقی ہم نے یہ کی کہ مناواں سے نکل کر ساہیوال تک پہنچ گئے اور اب یہ بتانے کا تکلف بھی نہیں کرتے کہ مرنے والا شخص مجرموں کے ساتھ تھا اِس لیے شریف آدمی نہیں ہو سکتا، اب پولیس عورتوں بچوں والی گاڑی پر محض شبہ کی بنیاد پر فائر کھول دیتی ہے، بے گناہ میاں بیوی اور بچی کو دن دہاڑے شاہراہ پر گولیوں سے بھون کر اطمینان سے بیان جاری کرتی ہے کہ ا±نکے ساتھ ایک مشتبہ دہشت گرد تھا، ایسے واقعات پوری دنیا میں ہوتے ہیں اور یہ collateral damageہو جایا کرتا ہے۔ ان سفاکانہ وضاحتوں کے بعد اس بات کی کسر رہ گئی تھی کہ واقعے کے بعد پولیس والوں کی جواب طلبی کی جاتی کہ تم نے بچوں کو کیوں چھوڑ دیا، وہ بھی تو دہشت گرد ہو سکتے تھے!!!
دہشت گردوں اور خطرناک مجرموں کو پکڑنے کے لیے ا±ن کی جاسوسی کی جاتی ہے، آج کے دور میں یہ جاسوسی سائنسی آلات کی مدد سے کی جاتی ہے۔ جاسوسی کا یہ جدید طریقہ کار سہل ہے، اس طریقے میں سراغ رساں کو بھاگ دوڑ نہیں کرنا پڑتی، وہ اپنے دفتر میں بیٹھ کر مختلف ڈیٹا بیس کی مدد سے جگسا پزل کے ٹکڑے جوڑ کر کوئی شکل بنا لیتا ہے اور پھر ا±س پر ایکشن لیا جاتا ہے۔ بے شک یہ طریقہ قابل اعتماد ہے، آسان ہے، نتیجہ خیز ہے مگر بہرحال اس میں غلطی کی گنجائش ہے۔ ہماری ٹیکنالوجی میں ترقی یافتہ ممالک کی نسبت غلطی کا احتمال کہیں زیادہ ہے جبکہ ہم ا±س پر اندھا اعتقاد کرکے اپنے سب انسپکٹر کو حکم دے دیتے ہیں کہ فلاں ٹول پلازے پر فلاں نمبر گاڑی میں دہشت گرد آ رہے ہیں، بچنے نا پائیں۔ ایسے حکم کے بعد وہی ہوتا ہے جو ساہیوال میں ہوا۔
اسی سے ج±ڑا ایک اور بڑا مسئلہ بنیادی انسانی حقوق سے لاعلمی ہے، آبادی کی اکثریت کو علم ہی نہیں کہ ا±ن کے حقوق کیا ہیں، آئین میں ا±ن کی ضمانت کیسے دی گئی ہے، اِن حقوق کی سلبی کی صورت میں داد رسی کے کیا ذرائع میسر ہیں، اور کیا داد رسی ہو بھی پائے گی یا نہیں! ہم نے ایک بات عوام کو رٹا دی ہے کہ ادارے مضبوط ہونے چاہئیں، بہت اچھی بات ہے، بالکل ہونے چاہئیں مگر ا±س کے نتیجے میں عوام بھی طاقتور ہونے چاہئیں، پوری دنیا میں ریاست کا بہترین تصور یہ ہے کہ وہ فرد کے معاملے میں کم از کم دخل اندازی کرے، فرد کی آزادی ہر شے پر مقدم ہے، اپنے ہاں الٹا تصور ہے یہاں ریاست فرد کی آزادی سلب کرتی ہے اور فرد کے پاس داد رسی کے لیے کوئی راستہ بھی نہیں بچتا، آئین میں اِس کے لئے شق 184(3)دی گئی تھی جس کا مقصد شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانا تھا، یعنی اگر کسی شہری کے لیے بنیادی انسانی حقوق کے تمام راستے مسدود ہو جائیں تو اس کی 184(3)میں داد رسی کر دی جائے مگر ہم نے الٹا اِس شق کو سزا دینے کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا۔ ہمیں امریکہ کی مثالیں دینے کا بہت شوق ہے، وہاں سنگین جرائم میں ملوث ملزم کو بھی جب پکڑا جاتا ہے تو اسے موقع پر آئین میں دیئے گئے حقوق پڑھ کر سنائے جاتے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ تمہارے پاس خاموش رہنے کا بھی حق ہے اور اگر تم وکیل نہیں کر سکتے تو ریاست اپنے خرچے پر تمہیں وکیل دے گی اور یہ صرف کہا نہیں جاتا بلکہ عملاً کیا بھی جاتا ہے۔ اِدھر ہم شک کی بنیاد پر بندے مار دیتے ہیں۔ بھاڑ میں گئے انسانی حقوق۔
بنیادی انسانی حقوق کی پامالی دراصل آئین سے روگردانی کے نتیجے میں ہوتی ہے، ہم لوگ سانحہ ساہیوال پر ماتم کر رہے ہیں جبکہ آئین کی پامالی پر خاموش رہتے ہیں، اس خاموشی کا نتیجہ ہمارے بنیادی حقوق کے سلب ہونے کی شکل میں برآمد ہوتا ہے، اور جہاں بنیاد ی انسانی حقوق کا کوئی تصور نہ ہو وہاں ساہیوال جیسے واقعات ہونا اچھنبے کی بات نہیں۔
(بشکریہ:روزنامہ جنگ)
فیس بک کمینٹ