ملتان : ( رپورٹ : ہارون انجم )چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تاجر برادری کا ملکی معاشی و سماجی ترقی میں کردار بہت اہم ہے، تاجر برادری کی فلاحی کاموں میں بھی خدمات قابل تعریف ہیں،تاجران ملک کی ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں جنہوں نے پاکستان کی خوشحالی و ترقی کیلئے ہر دور میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتورا کو یہاں سرکٹ ہاؤس میں مرکزی تنظیم تاجران آل پاکستان کے وفد،ضلع ملتان کے مختلف علاقوں کے تاجر رہنماوں اور سیاسی و سماجی وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین مرکزی تنظیم تاجران آل پاکستان خواجہ سلیمان صدیقی کی قیادت میں ملتان کے مختلف علاقوں کے تاجر رہنماوں نے چیئرمین سینٹ سے ملاقات کی جبکہ مختلف سیاسی و سماجی وفود نے مقامی سیاسی و سماجی عمائدین کی سربراہی میں ان سے ملاقاتیں کیں۔تاجران کے وفد نے سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور انہیں تاجر برادری کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تاجر برادی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، مشکلات میں ثابت قدم رہنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں،ذاتی پسند نہ پسند کو ایک طرف رکھ کر سب کو ملکر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کا فعال کردار بہت اہمیت رکھتا ہے،تاجر برادری کے تعاون کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری ممکن نہیں،موجودہ حکومت معاشی بحالی و ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،معاشی اہداف کے حصول کے لیے کاروباری افراد کو حکومت کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان عوامی خدمت کیلئے دن رات مصروف عمل ہے،عوام الناس کی خدمت کرنا ہمارا فریضہ ،نصب العین اور مقصد ہے،اگر ہم یہ فریضہ پورا نہیں کرتے ہیں تو ہم عوام اور خدا کے مجرم ہیں۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میں نے بطور وزیراعظم ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے، موٹر وے،فلائی اوورز،انٹر چینجز،بائی پاسز اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے کروائے،بطور چیئرمین سینٹ بھی جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا،ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے خطے کی عوام کی ترقی کےلئے سب سے آگے بڑھ کر کام کیا، ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام الناس کی خدمت کےلئے کام کرتے رہیں گے۔چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جلا ل پور پیر والا میں خصوصی اقتصادی زون بنانے کیلئے 165 ایکڑ زمین مختص کر دی گئی ہے۔ان سے ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین مرکزی تنظیم تاجران آل پاکستان خواجہ سلیمان صدیقی،مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر،سٹی صدر خالد قریشی،پیر سید ظہور شمسی،ایڈووکیٹ مولوی منصور عالم،ملک شہزاد انجم ،شکیل لابر،احمد بپی سمیت سینکڑوں سیاسی کارکنان اور شامل تھے۔
فیس بک کمینٹ

