سابق کرکٹر و سابق عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ بابراعظم کی کپتانی سے متعلق نجم سیٹھی سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے تصدیق کی کہ بابراعظم کی کپتانی کی بات کرتے ہوئے میرا حوالہ نہیں دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ بابراعظم اور ٹیم کےلیے نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کےلیے نیک خواہشات ہیں۔
خیال رہے کہ نجم سیٹھی نے کہا تھاکہ کئی ماہ سے کرکٹ اور میڈیا کے حلقوں میں بابر اعظم کو کپتان برقرار رکھنے کے فائدہ اور نقصان پر بحث ہو رہی ہے، بابر کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے پر بحث کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ چیئرمین کا ہے، میں نے پہلے چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاہد آفریدی اور اب ہارون رشید کے خیالات جانے، دونوں کمیٹیوں کا خیال تھا کہ یہ بات میرٹ پر پورا اترتی ہے کہ اس پر بحث ہو، اس کے بعد دونوں اس نتیجے پر پہنچے کہ صورتحال جوں کی توں رہنی چاہیے، میں نے پبلک میں اس تمام صورتحال کو بیان کیا۔
(بشکریہ:جیو نیوز)
فیس بک کمینٹ

