لاہور : پاکستان کے سینئر اداکار خالد بٹ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔اداکار خالد بٹ کا انتقال جمعرات کو لاہور میں ہوا، وہ گردے اور جگر کی بیماریوں سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار تھے۔وہ ان دنوں جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہورہے ڈرامہ سیریل ‘Khaie’ میں دراب خان کے کردار میں نظر آرہے ہیں۔خالد بٹ کا تعلق ملتان سے تھا اورطویل عرصہ سے لاہور میں مقیم تھے ۔ خالد بٹ نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 1970 میں بطور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کیا اور 1978 میں انہیں بطور اداکار اپنی پہلی پرفارمنس دکھانے کا موقع ملا۔
انہوں نے طویل کیریئر میں بے شمار ٹی وی ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں کام کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔خاندانی ذرائع کے مطابق خالدبٹ کی نمازجنازہ کل بعد از نماز عصر ادا کی جائےگی۔ خالد بٹ کو ان کی فنی خدمات پر حکومت کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

