ٹورنٹو : کینیڈا میں گرم موسم کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور گرمی کی شدید لہر سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔وینکوور میں پولیس نے جمعہ سے اب تک اچانک اموات کی 130 اطلاعات پر کارروائی کی ہے۔ ان اموات میں اکثریت عمر رسیدہ افراد یا ایسے افراد کی ہے جو پہلے سے کسی عارضے میں مبتلا تھے۔
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں مسلسل تیسرے روز گرم موسم کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔ برٹش کولمبیا کے علاقے لٹن میں انچاس اعشاریہ چھ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔امریکہ کے شمال مغربی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور وہاں بھی موسم کی حرارت کی وجہ سے اموات ہوئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی ایک علاقے میں موسم کی شدت کو عالمی حدت سے جوڑنا مشکل ہے لیکن دنیا کے موسموں میں مزید تغیر کی توقع کی جانی چاہیے۔رواں ہفتے سے قبل کینیڈا میں درجہ حرارت کبھی 45 سینٹی گریڈ سے اوپر نہیں گیا۔منگل کے روز وینکوور کے نواحی علاقے برنابی میں کینیڈین پولیس کے سربراہ نے شہریوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ’اپنے ہمسائیوں کی خبر رکھیں، خاندان کے افراد کی دیکھ بھال کریں اور اپنے جاننے والے بزرگوں کا خیال کریں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہیٹ ویو کمزور افراد خاص کر بوڑھوں اور طبی مسائل کا شکار دیگر افراد کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، لہذا ضرروری ہے کہ ہم ان کی دیکھ بھال کریں۔‘
پولیس کے مطابق وینکوور کے نواحی علاقوں برنابی اور سرے میں ہونے والی 69 ہلاکتوں کی بڑی وجہ موسم کی شدت ہے۔ زیادہ تر افراد بزرگ تھے یا مختلف طبی مسائل کا شکار تھے۔

