کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں اتحاد کمرشل میں واقع فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق منگل کی سہ پہر سوا 3 بجے پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کروانے پہنچی تھی، فلیٹ کا دروازہ نہ کھلنے پر دروازہ توڑا گیا تو خاتون کی لاش زمین پر پڑی تھی، فلیٹ سے شواہد اکٹھا کیے گئے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
گزری تھانے کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کی لاش تقریباً دو ہفتے پرانی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ 2018 سے فلیٹ میں کرائے پر اکیلی رہ رہی تھیں اور 2024 سے کرایہ ادا نہیں کیا تھا۔
جس پر فلیٹ کے مالک نے خاتون کے خلاف کیس کیا ہوا تھا اور آج بیلف فلیٹ خالی کروانے پہنچا تھا۔ دروازہ کھٹکھٹانے پر اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔
جس پر تالا توڑ کر فلیٹ کے اندر داخل ہوئے تو وہاں اداکارہ کی لاش پڑی تھی۔ ابتدائی تحقیق میں موت کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔
لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاحال کوئی ورثا سامنے نہیں آئے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے تصدیق کی کہ لاش شدید گلنے سڑنے کے مرحلے میں ہے۔
تاہم حیران کن طور پر فلیٹ پر پہنچنے والی ٹیم اور آس پاس رہنے والوں کو لاش کی بو محسوس نہیں ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ حمیرا اصغر علی ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کرتی تھیں اور اس فلیٹ میں کرائے پر رہتی تھیں۔
وہ فٹنس ٹرینر بھی تھیں اور کئی مارننگ شوز میں ٹپس دیتی تھیں۔ ایک رئیلیٹی شو میں بھی کام کیا اور چند چھوٹے کردار بھی ادا کیے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فلیٹ کے مالک نے کرائے کے لیے کیس کر رکھا تھا، آج عدالتی بیلف آیا تو لاش دیکھی۔
پولیس کے مطابق لاش 15 سے 20 دن پرانی ہے، اداکارہ کی موت کیسے ہوئی اس بارے میں پوسٹ مارٹم کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔
( بشکریہ : جیو نیوز / ایکسپریس نیوز )

