بخدمت جناب نااہل وزیراعظم صاحب
گزارش ہے کہ مجھے آپ کی برطرفی پربہت دکھ اورصدمہ ہے۔اوراس بات پرتومیں شدیدصدمے سے دوچارہوں کہ تیسری بار وزیراعظم بننے والے کوکرپٹ اورجھوٹاقراردے کر برطرف کیاگیاہے ۔کتنے افسوس کی بات ہے کہ آپ کو آج تک یہ بھی نہیں بتایاگیاکہ عدالت عظمیٰ نے آپ کو عہدے سے کیوں ہٹایاہے۔گزشتہ ہفتے آپ جی ٹی روڈ سے ملحقہ شہروں کے عوام سے پوچھتے رہے کہ آپ کو ایوان اقتدارسے کیوں نکالاگیاہے ؟سچ پوچھیں توہمیں آپ کی معصومیت اوربے بسی پربہت ترس آیا۔دنیاکے کسی ملک میں بھی ایسانہیں ہوا ہوگا کہ اس ملک کی اعلیٰ عدلیہ وزیراعظم کو برطرف کرے اوراسے برطرفی کی وجہ بھی معلوم نہ ہو،اوروہ پھربیچارہ سڑکوں پرلوگوں سے پوچھتاپھرے کہ مجھے کیوں نکالاگیاہے ۔یقین جانیں کہ ہم سے آپ کی سادگی اوربھول پن نہیں دیکھاجارہا کہ آپ 184روز تک عدلیہ کی سماعت کاسامناکرتے رہے ،ملک کے مہنگے اورمعروف قانون دانوں نے مقدمے کی پیروی کی لیکن پھربھی آپ کو برطرفی کی وجہ سمجھ نہیں آئی ۔اتنے بھولے وزیراعظم کوکیاپتہ کہ لندن کے فلیٹس کس کے ہیں اورکب خریدے گئے ؟جس وزیراعظم کو نااہل قراردیئے جانے کی وجہ معلوم نہ ہواس بیچارے کوکیاپتہ کہ اقامہ نہیں لیناچاہیے تھا،یابیٹے کی کمپنی کی چیئرمین شپ اورتنخواہیں وصول کی تھیں تو انہیں اثاثوں میں ظاہرکرناضروری تھا۔چلیں معصومیت اورانجانے میں جوہوناتھاہوگیالیکن جناب نااہل وزیراعظم صاحب آپ پھربھی مجھے بہت عزیز ہیں اورآپ کی معصومیت دیکھ کر مجھے آپ سے ہمدردی اورشایدکچھ محبت بھی ہوگئی ہے اس لئے اپنی عقل اوربساط کے مطابق میں آپ کو چندتجاویزدینا اپنافرض سمجھتاہوں ۔نوازشریف صاحب اب بھی توآپ کی ہی حکومت ہے ،آپ کی پارٹی مسلم لیگ ن برسراقتدارہے اوروزیراعظم آپ کانامزدکردہ ہے ۔آپ یہ کیوں سمجھتے ہیں کہ آپ نہیں توکچھ بھی نہیں ۔ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں آپ کے بھائی میاں شہبازشریف کی بلاشرکت غیرے حکمرانی ہے۔غریبوں کے لئے اگرآپ کچھ کرناچاہتے ہیں توآپ کو کون روک سکتاہے ۔غریب عوام کو اگر30روز کے اندر انصاف فراہم کرناچاہتے ہیں تو اس میں بھلاکیارکاوٹ ہے ؟غریبوں کوگھردینے میں بھی آپ کے نامزدوزیراعظم یاآپ کے بھائی آپ کی مخالفت نہیں کریں گے ۔بلکہ آپ تو 30یوم کے اندر انصاف کی فراہمی کا قانون منظورکرانے میں بھی جلدی کریں تاکہ احتساب عدالت بھی 30روز کے اندر آپ کے اورآپ کے خاندان پربننے والے کیسوں کافیصلہ کرسکے اورآپ مقدمے سے بری ہوکر عوام کے سامنے سرخروہوں ۔
جناب ناہل وزیراعظم صاحب انقلاب انقلاب نہ کھیلیں یہ بڑاخطرناک کھیل ہے ۔اگرملک کے غریب عوام کو انقلاب سمجھ آگیاتواشرافیہ اورمراعات یافتہ طبقہ اپنے انجام کو پہنچ جائے گا۔آپ بھولے آدمی ہیں آپ توغریبوں کو یہ بھی نہیں سمجھاسکیں گے کہ آپ کاتعلق اشرافیہ سے نہیں ہے۔اوریہ بھی ہوسکتاہے کہ آپ کے انقلاب کی باگ ڈورآپ کی بھابھی تہمینہ درانی سنبھال لیں ۔
جناب نااہل وزیراعظم عوام کویہ بھی نہ کہیں کہ آپ کو 20کروڑعوام نے منتخب کیااور 5افرادنے گھربھیج دیا۔یہ وہی پانچ افرد ہیںجنہوں نے ایک بارآپ کی حکومت کو بحال بھی کیاتھااورایک منتخب وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی دی تھی اورپیپلزپارٹی کے ایک وزیراعظم کو سزادی تھی ۔اس موقع پرآپ کی پارٹی نے مٹھائیاں بانٹی تھیں۔ان پانچ افرادکاجس ادارے سے تعلق ہے وہ آئین کے تحت وجودمیں آیااورآئین کے تحت ہی اسے یہ اختیارات حاصل ہیں ۔آپ کو تو ان کاشکریہ اداکرناچاہیے کہ انہوں نے آپ کوسزانہیں دی اورصرف نااہل قراردیاہے ۔جناب عالیٰ یہ بھی نہ کہاکریں کہ آپ کو بیس کروڑ عوام نے منتخب کیاتھاکیونکہ 19کروڑ لوگوں نے تو آ پ کو ووٹ ہی نہیں دیااب ووٹ نہ دینے والے 19کروڑافراد اس بات پرہنستے ہیں کہ آپ ان پرووٹ کاالزام عائد کررہے ہیں ۔آپ بھولے اورمعصوم ہیں لیکن عوام بہت چالاک ہوگئی ہے عوام کو انقلاب کی گولی دینے کی بجائے نیندکی گولی دیں تاکہ آپ جیسامراعات یافتہ طبقہ اوراشرافیہ اپنااقتدارقائم رکھ سکے اورآپ کے دوبارہ برسراقتدارآنے کا کوئی چانس بن سکے ۔
فیس بک کمینٹ