معروف شاعر ، کالم نگار اور ملتان ٹی ہاؤس کے جنرل سیکرٹری خالد مسعود خان نے کہا ہے کہ حمیرا رحمان کی شاعری میں جہاں نسائی جذبات کی بھرپور عکاسی ہوتی ہے وہیں ان کی غزلوں میں مزا حمتی رویہ بھی موجود ہے َ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل ملتان کی ادبی بیٹھک میں امریکا سے آئی ہوئی شاعرہ حمیرا رحمان کے تیسرے شعری مجموعے ’ بہت سے کام کرنے ہیں ‘ کی تعارفی تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی نامور ماہر تعلیم اور محقق ڈاکٹر مختار ظفر اور مہمان اعزاز قمر رضا شہزاد ا ور رضی الدین رضی تھے ۔ نظامت کے فرائض شاکر حسین شاکر نے انجام دیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار ظفر نے کہا کہ حمیرا رحمان کا تعلق ملتان سے ہے انہوں نے ایک براڈ کاسٹر اور شاعرہ کی حثیت سے اوائل عمری میں ہی اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کروا لیا تھا ۔ حمیرا رحمان نے کہا کہ ملتان میرا میکہ ہے میں نے اسی شہر میں تعلیم حاصل کی یہیں میرا بچپن اور لڑکپن گزرا میں جب بھی پاکستان آتی ہوں اولیاء کے شہر میں حاضری ضرور دیتی ہوں ۔
اس موقع پر قمر رضا شہزاد نے کہا کہ میں حمیرا رحمان کا ایک عرصے سے قاری ہوں جس زمانے میں وہ’ فنون‘ میں شائع ہوتی تھیں میں اس زمانے سے انہیں پڑھ رہا ہوں لیکن مجھے انہیں سننے کا موقع اس وقت ملا جب میں امریکا گیا ۔ انہوں نے دیار غیر میں بھی ایک ملتان آباد کر رکھا ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضی الدین رضی اور شاکر حسین شاکر نے کہا کہ حمیرا رحمان کی شاعری میں ہمیں ملتان جھلکتا دکھائی دیتا ہے وہ نظم اور غزل دونوں میں نئے موضوعات سامنے لائیں اور افتخار عارف ، زہرہ نگاہ ، پیرزادہ قاسم ،نجیبہ عارف سمیت نامور شعراء اور ناقدین سے اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کرایا ۔ تقریب میں معروف افسانہ نگار راحت وفا اور ڈاکٹر مختار ظفر کی اہلیہ محترمہ زاہدہ غنی نے حمیرا رحمان کو ملتانی اجرک پہنائی تقریب میں ڈاکٹر شبیر بلوچ ، ارشد بخا ری ، مرزا تصدق ،مستحسن خیال ، احمد مسعود قریشی ، شیراز غفور ، مسرور حسین صدیقی سہیل عابدی ، سجاد ملک دلاور حسین دلاور ، شہزاد عمران خان سمیت ادیبوں شاعروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
فیس بک کمینٹ