لاہور: پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہےکہ ان کا چینی کی قیمت بڑھنے سے یا چینی مافیا سے کوئی تعلق نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ بار با رشوگر مافیا کی بات کی جاتی ہے،کہا جاتا ہے چینی کی قیمتیں بڑھ گئیں، چینی کی قیمت بڑھنے سے یا چینی مافیا سے میرا کوئی تعلق نہیں، کسی نے کوئی بات نہیں کی کہ جہانگیر ترین پر شوگر کا کیس چل رہا ہے، میرے خلاف تینوں ایف آئی آرکو پڑھ لیں شوگر مافیا کا ذکر نہیں، نہ الزام ہے، تینوں ایف آئی آر میں چینی کی قیمت بڑھنے کا ذکر نہیں بلکہ ایف آئی آر میں میرے کاروبار کی 8 سے 10سال پرانی چیزوں کو اٹھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف ایک فرضی کہانی بنائی ہوئی ہے، میری ڈاکیومینٹیشن صاف اور شفاف ہے، ہر سال انکم ٹیکس ٹھیک ٹھاک دیتا ہوں، میرے اور فیملی کے اکاؤنٹس انکم ٹیکس والوں کے پاس موجود ہیں، کسی بھی بزنس مین سے پوچھ لیں،کہیں گے اگر جہانگیر ترین صاف شفاف نہیں تو کون صاف شفاف ہے، میری نیک نامی کے اوپر دھبے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ سب لوگوں کو پتا لگے گا اصل بات کیا تھی، مجھ پر ڈیڑھ سال میں شوگر سے متعلق الزام تک نہیں لگا، میں کونسا کہہ رہا ہوں کیسز ختم کردیں بلکہ کیسز کا مقابلہ کرنے کے لیے عدالت میں موجود ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سوا سال سے وزیراعظم ہاؤس نہیں گیا، نہیں پتا میرے خلاف کون کررہا ہے، مگرکوئی توکررہا ہوگا، بے بنیاد الزام لگاکر میری ساکھ خراب کرنےکی کوشش کی گئی ہے، اگر انصاف ہوتا تو مجھ پرایف آئی آر درج نہ ہوتیں۔
(بشکریہ: جیونیوز)
فیس بک کمینٹ