کراچی : پولیس ترجمان نے دھرنوں کے حوالے سے اپنے چیف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھرنے ختم نہیں کروائے جائیں گے۔ترجمان کراچی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا دھرنے ختم کروانے کا سوشل میڈیا پر زیر گردش حکم درست نہیں اور اُن کے بیان کو دھرنوں کے خاتمے سے جوڑنا بےبنیاد اور غلط فہمی کا شاخسانہ ہے۔ترجمان پولیس نے وضاحت کی کہ پولیس چیف کے کہنے کا مقصد دھرنوں کا خاتمہ نہیں بلکہ دھرنوں کا ایسا انتظام تھا جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
واضح رہے کہ پارا چنار کی صورتحال پر کراچی میں مذہبی جماعت کی جانب سے 17 مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسلام آباد، لاہور، پشاور، جھنگ، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی مذہبی جماعت کی جانب سے دھرنے جاری ہیں۔
قبل ازیں پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا تھا کہ شہر میں آج رات تک دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں، کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو نہیں ہٹے گا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم رات تک ان سے مذاکرات کرتے رہے ہیں، مذہبی جماعت کے علماء نے بھی کہا ہے کہ سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیں گے، تین دن سے انہوں نے بہت بھگتا ہے۔
( بشکریہ : ایکسپریس نیوز )
فیس بک کمینٹ