لندن : مسلم لیگ (ن) کے حامیوں نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی رہائش گاہ کے باہر عمران خان کے خلاف احتجاج کیا۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی وڈیوز میں (ن) لیگ کے حامیوں کو جھنڈے لہراتے ہوئے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے.
پارٹی کے سپورٹرز اپنی پارٹی کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر شیئر کی گئیں وڈیوز میں عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر تعینات پولیس دستے بھی موجود ہیں۔اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے حامیوں نے بھی لندن کے ہائیڈ پارک میں مظاہرہ کیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی وڈیوز میں نواز شریف کی ایون فیلڈ رہائش گاہ کے باہر کیا گیا احتجاج بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
رہنما (ن) لیگ عابد شیر علی نے 14 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ جمائما گولڈ اسمتھ کے لندن کے گھر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس میں عمران خان کی سابق اہلیہ کا پورا پتا درج تھا اور عمران خان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی تھی۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے عابد شیر علی کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے گھر کے باہر احتجاج، میرے بچوں کو نشانہ بنانا، سوشل میڈیا پر یہود مخالف بدزبانی، ایسا لگتا ہے جیسے میں 90 کی دہائی کے لاہور میں واپس آگئی ہوں‘۔عابد شیر علی نے جمائما گولڈ اسمتھ کو جواب دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اپنے احتجاج کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کے گھروں کے باہر حملوں اور احتجاج کا حکم دیا، جبکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مخالفین کے خلاف نفرت اور دہشت گردی کے جذبات کو ہوا دیتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا تھا کہ یہ احتجاج ’پرامن اور تشدد سے پاک‘ ہوگا۔
اس ہفتے کے شروع میں نواز شریف کی لندن رہائش گاہ کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے حامیوں کا آمنا سامنا ہوا تھا جب (ن) لیگ نے عمران خان کی سبکدوشی پر جشن منایا تھااور پی ٹی آئی نے احتجاج کیا تھا۔دونوں جماعتوں کی جانب سے کیے گئے مظاہروں کے دوران پولیس کی بھاری نفری موجود تھی جبکہ کارکنان ایک دوسرے کے لیڈروں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
فیس بک کمینٹ

