بیونس آئرس : ارجنٹائن کی ایک عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ میراڈونا کے حوالے سے جاری ولدیت کے مقدمے کے باعث ان کی میت کو ”محفوظ رکھنے کی ضرورت“ ہے۔
میراڈونا گذشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث 60 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔
ارجنٹائن کی ایک عدالت نے لیجینڈ فٹبالر کے ڈی این اے کے نمونے جمع کروانے کا حکم ایک خاتون کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے بعد دیا جن کا مؤقف ہے کہ میراڈونا ’ان کے والد ہو سکتے ہیں۔‘
میراڈونا کی شادی سے دو بیٹیاں تھیں تاہم انھوں نے علیحدگی کے بعد مزید چھ بچوں کے والد ہونے کا انکشاف کیا۔
یہ مقدمہ ایک 25 سالہ لڑکی مگالی گل نے دائر کیا ہے۔ مگالی گل کو گود لیا گیا تھا اور انھوں نے بتایا کہ انھیں پیدائش دینے والی ماں نے ان سے دو برس پہلے رابطہ کیا اور بتایا کہ میرے والد ‘ڈی ایگو میراڈونا ہو سکتے ہیں۔’
انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں مگالی گل کا کہنا تھا کہ یہ ان کا ‘عالمی حق’ ہے کہ وہ جانیں کہ ‘کیا واقعی میراڈونا ہی ان کے حقیقی والد ہیں یا نہیں۔’
میراڈونا گذشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد انھیں بیونس آئریس میں ان کے خاندانی قبرستان میں دفن کیا گیا تھا۔
عدالت نے 30 نومبر کو حکم دیا تھا کہ ان کی میت کو جلایا نہیں جائے گا جب تک تمام فارینزک ٹیسٹ نہیں کر لیے جاتے۔
بدھ کے روز ایک اور حکم نامے میں اس پابندی میں توسیع کی گئی ہے۔
خبررساں ایجنسی روئٹرز کا کہنا ہے کہ میراڈونا کے وکیل کا کہنا ہے کہ عظیم فٹبالر کے ڈی این اے نمونے پہلے ہی موجود ہیں۔ اس لیے دوبارہ قبر کھود کر ان کی میت نکالنا ضروری نہیں ہے۔
میراڈونا کی دولت کے وارث کون ہوں گے اور ان میں یہ دولت کس طرح تقسیم ہو گی یہ ایک انتہائی پیچیدہ عمل ہے اور اس حوالے سے ان کی حقیقی اولاد اور ایسے بچے جنھیں ابھی تک تسلیم نہیں کیا گیا وہ بھی عدالتی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان کی موت کے بعد سے ان کے اثاثوں سے متعلق قیاس آرائیاں ہوئی ہیں اور اس بارے میں یہ بات ہو رہی ہے کہ ان کے وارثوں میں ان چیزوں کی تقسیم کرنا آسان نہیں ہوگا۔
میراڈونا کا خاندان بہت بڑا ہے۔ چھ مختلف خواتین سے تعلقات کے بعد ان کے کم از کم آٹھ بچے ہیں۔ توقع ہے کہ ان کی وراثت تمام بچوں میں برابر تقسیم کی جائے گی۔
لیکن ان کے وصیت نامے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔ ارجنٹائن میں قانونی ماہرین اور صحافی متفق ہیں کہ یہ عمل سیدھا سادہ نہیں ہوگا۔
میراڈونا کے بچے کون ہیں؟
میراڈونا کی رنگین زندگی میں ولدیت کے دعوے ایک عام سی بات رہے ہیں۔
ان کی ایک بیٹی نے ایک مرتبہ مذاق میں کہا تھا کہ سابق فٹبالر چاہیں تو اس بڑھتے خاندان کی بنا پر ایک دم 11 لوگوں کی فٹبال ٹیم بنا سکتے ہیں۔
کئی برسوں تک میراڈونا اپی دو بیٹیوں 31 سالہ جیانینا اور 33 سالہ دالما کے علاوہ دیگر بچوں کی ولدیت سے انکار کرتے رہے۔ ان بچوں کی والدہ میراڈونا کی سابقہ اہلیہ کلاؤڈیا ویلافین ہیں جن سے 20 سال شادی کے بعد انھوں نے 2003 میں طلاق لے لی تھی۔
اس کے بعد میراڈونا نے چھ مزید بچوں کی ولدیت کا اعتراف کر لیا تھا۔
سنہ 2010 کی دہائی میں انھوں نے 34 سالہ ڈیاگو جونیئر اور 24 سالہ جینا کو تسلیم کر لیا تھا لیکن اس کے لیے ان کی ماؤں کو میراڈونا سے عدالتی جنگ لڑنا پڑی تھی۔ ان خواتین کے ساتھ میراڈونا کے تعلقات رہے تھے۔
سال 2013 میں ان کے دوسرے بیٹے سات سالہ ڈیاگو فرنینڈو کی پیدائش کے بعد کوئی جھگڑا ہوئے بغیر انھیں فوراً تسلیم کر لیا گیا تھا۔پھر سال 2019 میں میراڈونا کے شائقین کو ایک اور حیرانی اس وقت ہوئی جب ان کے وکیل نے اعلان کیا کہ کیوبا میں ان کے مزید تین بچے ہیں۔ انھوں نے یہاں سنہ 2000 کے بعد کئی سال گزارے تھے تاکہ اپنی کوکین کی لت کا علاج کروا سکیں۔
لیکن اب ہم موجودہ تاریخ پر پہنچ گئے ہیں۔ اب مزید دو بچوں کا اضافہ ہوا ہے جن میں 19 سالہ لارا اور 25 سالہ گِل ہیں۔ ۔لارا کے وکیل نے پہلے ہی عدالت سے گزارش کر دی ہے کہ میراڈونا کے مردہ جسم میں سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے جائیں۔ اگر لارا اور گِل یہ ثابت کر دیتے ہیں کہ میراڈونا ان کے والد ہیں تب بھی یہ غیر واضح ہے کہ انھیں وراثت میں سے کچھ مل پائے گا یا نہیں۔
میراڈونا کو نیپلز میں بہت عقیدت کے ساتھ سراہا جاتا تھا کیونکہ انھوں نے شہر کے فٹبال کلب کو دو لیگ ٹائٹل جتوانے میں مدد کی تھی
میراڈونا کی دولت کا کل تخمینہ کیا ہے؟
ارجنٹائن کے فٹبالر کی کل دولت یا ان کے اثاثوں کی کوئی مجموعی فہرست کہیں شائع نہیں ہوئی۔ ذرائع ابلاغ کی کچھ خبروں میں اس حوالے سے قیاس آرائی کی گئی ہے کہ کل دولت کے تخمینے کے دو طریقے ہیں۔
پہلے طریقے میں میراڈونا کے اثاثوں کی کل قیمت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ اس میں ان کی سپورٹس کاروں سے لے کر زیورات تک ہر چیز کی قیمت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
اس اندازے سے وراثت کی رقم سات کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے لے کر لگ بھگ 10 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔ اس رقم کو ارجنٹائن کے ذرائع ابلاغ نے کافی استعمال کیا ہے۔ اس کا حوالہ ذرائع کے بغیر دیا جاتا ہے لیکن یہ اندازہ پہلی بار ایک مقامی صحافی ہولیو چیپیٹا نے استعمال کیا تھا جو میراڈونا کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک رہے ہیں۔
دوسرے اندازے میں میراڈونا کے اثاثہ جات کو ان پر واجب الادا رقم سے منہا کیا جاتا ہے۔معروف شخصیات کی دولت کا اندازہ لگانے والی ویب سائٹ سلیبریٹی نیٹ ورتھ کے مطابق میراڈونا کی کل مالیت پانچ لاکھ ڈالر تھی۔ ویب سائٹ کے مطابق وہ اس کا اندازہ مالی تجزیے، مارکیٹ میں تحقیق اور اندرونی ذرائع سے لگاتے ہیں۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )