مدینہ منورہ : سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ کی مسجد نبوی میں وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی کی آمد پر ایک ہجوم کی جانب سے ان کے خلاف نعرے بازی کی گئی ہے۔
اس واقعے کی ویڈیوز تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئیں اور لکھا گیا کہ ’امپورٹڈ حکومت کے نمائندے دنیا کے کسی بھی کونے میں جا سکتے ہیں، ہر جگہ ان کا استقبال ’چور‘ اور ’غدا ر‘ کے نعروں سے کیا جائے گا۔‘
اس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مخصوص لوگوں نے مسجد نبوی کا تقدس پامال کیا۔ ’ان کے لیڈر نے بدتمیزی کے سوا اور کچھ نہیں سکھایا۔‘
’میں نے درود شریف پڑھتے ہوئے ان تمام لوگوں کے لیے ہدایت کی دعا کی۔ جو لوگ انھیں اکساتے ہیں، مجبور کرتے ہیں، جو لوگ اس کا جشن مناتے ہیں اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تو یہ افسوسناک ہے (اور میں نے) ان کے لیے بھی ہدایت کی دعا کی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس زمین کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتی۔۔۔ ہمارے کارکنان کو ہدایت دی گئی ہے کہ مکہ اور مدینہ کے احاطے میں ان کو دیکھ کر کوئی بدتمیزی نہ کریں۔ یہی فرق ہے ان لوگوں میں اور ہم میں۔‘
مریم اورنگزیب نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ انھوں نے معاشرے میں تباہی کی ہے اور ایسے رویوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ادھر مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کہتی ہیں کہ تحریک انصاف کے حامی ’مدینہ کی پاک جگہ میں بھی اپنے گندے نعروں سے باز نہیں آئے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ عمران خان نے ’اپنے کارکنوں کی ایسی تربیت کی ہے یہ اپنی ماؤں بہنوں کا احترام کرنا بھی بھول گئے۔ اس بے شرم انسان کا انجام بہت بُرا ہوگا۔‘
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ