ملتان ( گردوپیش نیوز ) نامور ماہر تعلیم اور ایف جی گرلز ہائی سکول ملتان کینٹ کی سابق پرنسپل مس ام َ کلثوم طویل عدالت کے بعد 20 نومبر کو اسلام آباد میں انتقال کر گئیں ان کی عمر 86 برس تھی اور وہ طویل عرصہ سے صاحب فراش تھیں ۔
محترمہ ام َکلثوم کا تعلق ملتان سے تھا انہوں نے 1964 میں جونیئر ماڈل سکول ملتان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ۔ 1966 میں موجودہ کینٹ پبلک سکول نے ایس پی چوک کے قریب کینٹ پبلک سکول کےنام سے کلاسیں شروع کیں تو محترمہ ام کلثوم اس کے ساتھ وابستہ ہو گئیں ۔ بعد ازاں یہی سکول شیر شاہ روڈ پر منتقل ہو گیا ۔ اس کے بعد وہ ریٹائرمنٹ تک اسی سکول کے ساتھ وابستہ رہیں ۔ اگرچہ وہ سخت گیر بھی تھیں لیکن اس کے باوجود طلبہ میں بہت مقبول تھیں ۔ فیڈرل پبلک سکول کے سابق طلبہ نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
ان کی دیرینہ رفیق کار مس جمیلہ او پل نے گرد و پیش کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں جس کیفیت سے گزر رہی ہوں اس کو بیان نہیں کیا جا سکتا ۔ میری اور ان کی طویل رفاقت تھی ۔ ہم بہت اچھی دوست تھیں ، وہ ایک طرح سے میری فیملی کا حصہ تھیں ۔ بہت سی باتیں بہت سی کہانیاں مجھے یاد آ رہی ہیں ہم نے اکٹھے بہت سا وقت گزارا ۔ ایف جی پبلک سکول کے سابق اساتذہ رمضان چوہدری، اور منیرشامی نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ۔ سابق طالب علموں ملک سلیم اختر مہے ، ضمیر احمد ، وحید بھٹی ، حبیب اللہ ، رضی الدین رضی اور شہر یار بھٹی نے کہا کہ ان کی وفات شعبہ تعلیم کا ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ انہوں نے ہزاروں طلبہ و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا ۔ یہ ایک عہد کا خاتمہ ہے ۔ محترمہ ام کلثوم کو آج اسلام آباد میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔ نماز جنازہ ڈیڑھ بجے جامع مسجد نوری ڈی ایچ اے فیز 2 میں ادا کی جائے گی
فیس بک کمینٹ